• Sun, 18 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جےپی بی ایل اے کے ذریعے ممبرا کوسہ کے ووٹروں کے نام حذف کرنے کا دعویٰ داخل

Updated: October 18, 2026, 7:07 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ایس آئی آر کے دوران ممبرا کوسہ میں غیر بی جےپی ووٹروں کے نام ووٹر لسٹوں سے حذف کرنے کیلئے بی جے پی کے بوتھ لیول ایجنٹ( بی ایل اے) کے ذریعے جھوٹے دعوے پیش کئے گئے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این
ایس آئی آر کے دوران ممبرا کوسہ میں غیر بی جےپی ووٹروں کے نام ووٹر لسٹوں سے حذف کرنے کیلئے بی جے پی کے بوتھ لیول ایجنٹ( بی ایل اے) کے ذریعے جھوٹے دعوے پیش کئے گئے  ہیں۔ مختلف بوتھ لیول افسر( بی ایل او) کو کئی ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کے دعوے داخل کئے گئے ہیں اور وجہ یہ بتائی جا رہی  ہے کہ یہ ووٹر موجودہ پتہ پر نہیں رہتے لیکن جب متعلقہ بی ایل او اور نمائندۂ انقلاب نے بھی چند ووٹروں سے ملاقات کی تو پتہ چلا کہ یہ ووٹر برسوں سے بلکہ ایک خاندان تو گزشتہ ۳۳؍ برس سے موجودہ پتہ پر ہی رہ رہا ہے۔اس کے باوجود اسے منتقل بتا کر ان کے اہل خانہ کے ۳؍ ووٹروں کے نام کاٹ دینے کا دعویٰ داخل کیا گیا ہے۔ 
 
 
عبدالغفار خان بھی ان ووٹروں میں شامل ہیں جنہیں منتقل بتا کر ان کا نام ووٹر لسٹ(نمبر: ۳۲۴) سے خارج کرنے کی عرضی داخل کی گئی ہے۔ نمائندۂ انقلاب نے ان گھر جاکر جب ان سے رابطہ قائم کیا  تو انہوں نے بتایاکہ ’’مَیں تنور نگر علاقے میں کوہِ نور مسجد کے قریب گلشن اپارٹمنٹ کی ڈی ونگ کے اسی روم میں ۱۹۹۳ء سے مقیم ہوں۔ مَیں کہیں اور منتقل ہوا ہوں اور نہ ہی کسی اور علاقے کی ووٹر لسٹ میں میرا نام ہے۔ اس کے باوجود   میرے گھر کے ۳؍ ووٹر میَں، میری بیوی اور میری بیٹی  کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کا دعویٰ داخل کیاگیا ہے۔  ہمارے بی ایل او گھر آئے تھے اور  اس بارے میں مطلع کیا حالانکہ ہم نے انہیں تمام دستاویز  پیش کی ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم اسی پتہ پر رہتے ہیں۔‘‘
  انہوں نے مزید بتایا کہ ’’مَیں بلڈنگ کا سیکریٹری بھی ہوں اس لئے مجھے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ میرے پڑوس کے ۲؍ افراد  اور اسی طرح دوسرے منزلہ پر ایک ووٹر اور  پہلے منزلہ پر رہنے والے ایک اور ووٹر کا نام بھی حذف کرنے کی درخواست داخل کی گئی ہے۔ یہ سبھی یہاں مستقل طور پر رہتے ہیں، اس کے باوجود ان کا نام کاٹنے کی درخواست کی گئی ہے ، یہ افسوناک ہے۔ یہ اعتراض داخل کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے جو ہمیں ہمارے جمہوری حق سے محروم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘
 
 
ووٹر لسٹ نمبر :۳۲۴؍ کے بی ایل او سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’اس ووٹر لسٹ سے ۲۰؍  ووٹروں کے نام حذف کرنے کی درخواست ایک مقامی بی جے پی کی بی ایل اے نے دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ داخل کیا ہے کہ متذکرہ سبھی ووٹر موجودہ پتہ پر نہیں رہتے جو کہ غلط دعویٰ ہے۔ان ووٹر کے گھر جاکر میں نے تصدیق کی ہے اور  دعویٰ کرنی والی کو بھی سائٹ وزٹ کیلئے نہ صرف بلایا تھا بلکہ ۲ ؍دنوں تک انہیں فون  بھی کرتا رہا اور ان کی سہولت کے وقت پر سائٹ وزٹ کرنے کی آمادگی ظاہر کی لیکن وہ مختلف بہانے بنا کر  نہیں آئیں لہٰذا میں نے  ویری فکیشن رپورٹ اپنے سپروائزر کو سونپ دی ہے۔‘‘
ممبرا کے  دولت نگر علاقے پر مشتمل ووٹر لسٹ نمبر ۳۲۵؍ میں بھی ایک بی جے پی کی بی ایل اے نے ۲۰؍ ووٹروں کے منتقل ہونے اور ان ووٹروں کے نام حذف کرنے کی شکایت کی تھی۔ اس تعلق سے بھی متعلقہ بی ایل او نے بتایاکہ ’’مَیں نے  ان ووٹروں کے بارے میں معلوم کیا توپتہ چلا کہ وہ اسی پتہ پر رہتے ہیں اور دعویٰ جھوٹا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK