کوئی زخمی نہیں۔ تھانے کےآنند نگر-ساکیت بریج کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار پر ۲؍ کروڑروپے جرمانہ عائد
تھانے میںزیر تعمیر آنند نگر-ساکیت بریج کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی
تھانے میں زیر تعمیر آنند نگر-ساکیت ’ایلیویٹڈ روڈ پروجیکٹ‘ کا ایک ستون تعمیر کرنے کے لئے بنائی گئی اسٹیل کی وزنی جالی سنیچر کو سڑک پر سے گزر رہی ایک کار کے سامنے کے شیشے میں پیوست ہوگئی البتہ خوش قسمتی سے اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے تاہم اس حادثہ کے سبب ایم ایم آر ڈی اے نے اس کام کی ٹھیکیدار کمپنی پر ۲؍کروڑ جرمانہ عائد کیا ہے۔
’ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) کے مطابق متاثرہ کار کو اس جگہ سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور بڑی کرین کی مدد سے ’ری انفورسمنٹ کیج‘ (ستون کی تعمیر کیلئے دائرے یا مربع شکل میں لوہے یا اسٹیل کی عمودی جالی تاروں سے باندھ کر بنائی جاتی ہے تاکہ سیمنٹ کے ستون مزید مضبوط ہوجائیں) کو احتیاط سے اس جگہ سے ہٹانے کی کارروائی شروع کردی گئی تھی۔اگرچہ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا لیکن اسے سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے ایم ایم آر ڈی اے نے حفاظتی اقدامات میں لاپروائی برتنے پر اس پروجیکٹ کو انجام دینے والی ٹھیکیدار کمپنی پر ۲؍ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیاہے۔ اس کے علاوہ اس حادثہ کی جانچ کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
اس تعلق سے ایم ایم آر ڈی اے نے ایک تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایم ایم آر ڈی اے اس حادثہ کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور تعمیراتی کام میں تحفظ سے متعلق کسی بھی لاپروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ بریج تھانے میں ’ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے‘ سے متصل ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے گزرے گا جہاں اس بریج سے ٹریفک کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔