۳؍ سے ۱۳؍ سال کے طلبہ کو گیمز اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ذاتی حفاظت کی اہمیت سمجھائی جائے گی, ’بہادر دوست ‘نامی مہم متعارف کرائی گئی
بی ایم سی کی تربیت کےدوران اساتذہ اور اہلکار نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
شہری انتظامیہ نے چھوٹے بچوں کی حفاظت سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے بی ایم سی اسکولوں کے تقریباً ۹؍ہزار اساتذہ کو خصوصی تربیت دی ہے۔ اس منصوبہ کے تحت ۳؍ سے ۱۳؍ سال کے طلبہ کو گیمز اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ذاتی حفاظت کی اہمیت سمجھائی جائے گی۔بی ایم سی نے جسمانی، جذباتی، ذہنی، ڈجیٹل اور سماجی تحفظ کے مسائل میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر طلبہ کو ان کی عمر کے مطابق تربیت فراہم کرنے کیلئے ’بہادر دوست ‘نامی مہم متعارف کرائی ہے۔
اس اقدام کے تحت میونسپل اسکولوں کے ۹؍ ہزار اساتذہ کو کلاس روم میں تعلیمی مشمولات کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ذاتی حفاظت کے بارے میں طلبہ کی رہنمائی کیلئے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ ’ٹارگیٹ لرننگ وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کی نگرانی میں لوور پریل، گوریگاؤں اور کرلا کے میونسپل اسکولوں میں تربیت دی گئی ہے ۔
مراٹھی اور انگریزی میں ۴؍الگ الگ تعلیمی سیٹ
بچوں کی عمر کے لحاظ سے مراٹھی اور انگریزی میں ۴؍ الگ الگ تعلیمی سیٹ تیار کئے گئے ہیں۔ ہر سیٹ کو بچوں کی عمر، نشوونما کے مرحلے، تجربے اور سمجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اس کٹ میں کتابیں، اساتذہ کیلئے ایک گائیڈ، سرگرمیوں کیلئے درکار مشمولات، تصویروں کے ذریعے معلومات کی وضاحت کرنے والا مواد اور پریکٹس شیٹس شامل ہیں ۔ اساتذہ کلاس روم میں طلبہ کے ساتھ بات چیت اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے حفاظت کی اہمیت کو پہنچا سکیں گے۔ اس کے علاوہ تعلیمی مشمولات اور کھلونوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے بارے میں معلوماتی ویڈیو کلپس بھی دستیاب کرائے گئے ہیں ۔
بچوںکو کھل کر بات چیت کرنے میں مدد دےگا
حفاظت سے متعلق اہم باتیں بچوں کو اس طرح سکھائی جائیں گی کہ وہ آسانی سے سمجھ سکیں اور وہ ان کی روزمرہ کی زندگی سے متعلق ہوں۔کرلا کے ایک استاد نے تربیت کے بارے میں کہا کہ یہ اقدام بچوں کو ان حالات کے بارے میں کھل کر بات کرنے میں بھی مدد دے گا جن کا وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں سامنا کرتے ہیں ۔
’بہادر دوست‘ پروجیکٹ بچوں کو مختلف حالات پر گفتگو کرنے میں مدد کرتا ہے
جب بچے صرف سننے کے بجائے سرگرمیوں میں شامل ہوتے ہیں، تو وہ موضوعات کو زیادہ آسانی سے سمجھتے ہیں۔ ’بہادر دوست‘ کی سرگرمیاں بچوں کو مختلف حالات پر تبادلہ خیال کرنے، مناسب طریقے سے جواب دینے کا طریقہ سمجھنے اور جو کچھ سیکھا ہے اسے یاد رکھنے میں ان کی مدد کرتی ہیں ۔
لوور پریل میں تربیت میں حصہ لینے والے ایک استاد نے کہا کہ بچوں کو کلاس میں سیکھی ہوئی چیزوں کو حقیقی زندگی میں نافذ کرنے کا موقع بھی ملےگا۔