Inquilab Logo

پربھنی سے مہایوتی کے امیدوار مہادیو جانکر سے مسلم کارکنان ناراض

Updated: April 09, 2024, 3:37 PM IST | Agency | Parbhani

۲؍ مقامی مسلم لیڈران کی طرف سے افطار پارٹی کی دعوت ، جانکر نے ایک میں شرکت کی دوسرے کو نظر انداز کیا۔

At the iftar party of Mahadev Jankar Baba Jani Durrani. Photo: INN
مہادیو جانکر بابا جانی درانی کی افطار پارٹی میں۔ تصویر : آئی این این

وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کے کارکنان مہا یوتی پربھنی سے مہایوتی کے امیدوار مہادیو جانکر سے ناراض ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ وہ این سی پی کے رکن اسمبلی کی دی گئی افطار پارٹی میں تو شامل ہوئے لیکن شیوسینا (شندے) کے اقلیتی سیل کے صدر کی دی گئی افطار پارٹی میں شریک نہیں ہوئے۔ حالانکہ اس افطار پارٹی میں بھی انہیں بطو رمہمان خصوصی بلایا گیا تھا۔ 
 یاد رہے کہ مہا دیو جانکر راشٹریہ سماج پکش نامی پارٹی کے سربراہ ہیں اور پربھنی سے ’مہا یوتی‘ کے امیدوار ہیں۔ ان کی او بی سی سماج میں خاصی مقبولیت ہے اور بی جے پی سے قربت ہے۔ این سی پی ( اجیت) کے ایم ایل سی بابا جانی درانی اور شیوسینا (شندے) کے اقلیتی سیل کے ریاستی صدر سعید خان نے اپنے اپنے طور افطار پارٹی کا انعقاد کیا تھا۔ اس میں مہادیو جانکر کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ مہا دیو جانکر ایم ایل سی بابا جانی درانی کی افطار پارٹی میں تو شریک ہوئے اور اسکی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ اور اس کیلئے بابا جانی درانی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’امید ہے کہ راج ٹھاکرے الیکشن میں بی جےپی کی مدد کریں گے‘‘

 لیکن وہ سعید خان کی پارٹی میں نہیں گئے۔ یہ دونوں ہی افطار پارٹیاں پربھنی کے پاتھری تعلقے میں تھیں۔ سعید خان اور بابا جانی درانی کا اسی علاقے سے تعلق ہے۔ سعید خان کی دی گئی پارٹی میں شیوسینا (شندے) کےکئی اہم عہدیداران اور کارپوریٹر وغیرہ شریک ہوئے ساتھ ہی مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی لیکن حلقے کے لوک سبھا امیدوار ہی پارٹی سے غائب رہے۔ 
 اسکی وجہ سے شیوسینا (شندے) کے مقامی کارکنان ناراض ہیں۔ وہ مہادیو جانکر کے اس رویے کو ان کا بابا جانی درانی گروپ کی جانب جھکائو خیال کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بابا جانی درانی اور سعید خان کے درمیان باہمی طور پر سیاسی چپقلش ہے۔ ایسی صورت میں مہادیو جانکر کا ان میں سے ایک کی افطار پارٹی میں جانا اور دوسرے کی دعوت سے غیر حاضر رہنا اس چپقلش میں مزید شدت پیدا کرتا ہے۔ اطلاع ہے کہ شندے گروپ کے کارکنان نے پاتھری میں ایک خفیہ میٹنگ بھی منعقد کی ہے حالانکہ اس میٹنگ کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے لیکن اس کی وجہ سے مہادیو جانکر کو الیکشن کے دوران شیوسینا (شندے) کے کارکنان کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خاص کر مسلم کارکنان کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK