Inquilab Logo

کورونا سے تحفظ کیلئے ’میرا خاندان میری ذمہ داری‘ مہم

Updated: September 14, 2020, 12:41 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پندرہ ستمبر سے شروع ہونے والی گھرگھر طبی جانچ مہم میں وزیر اعلیٰ نے رکن پارلیمان تاکارپوریٹرسبھی سے تعاون دینے کی اپیل کی

Uddhav Thackray - Pic : PTI
ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 اتوار کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرےنے ایک بار پھر سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے خطاب کیا۔ اپنے ۳۶ء۳۴؍ منٹ کے خطاب میں کورونا وائر س سے تحفظ کیلئے وزیر اعلیٰ نے۱۵؍ ستمبر سے گھر گھر جاکر شہریوں کی طبی جانچ کرنے والی مہم ’ میرا خاندان میری ذمہ داری‘ شروع کرنے اعلان کیا ۔اس مہم میں رکن پارلیمان سے لے کر کارپوریٹر،سرپنچ  اور سبھی شہریوں سے تعاون دینے کی اپیل کی۔ ادھو  ٹھاکرے نے ماسک لگانے کو انتہائی لازمی قرار دیا اور ماسک نہ لگانے والے شہریو ںکے خلاف جرمانہ وصول کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا۔وزیر اعلیٰ نے کورونا کے مریضوں کیلئے آکسیجن کی کمی کو جلد ختم کرنے ،تغذیہ کا شکا ر ہونے سے بچانے کیلئے غریب بچوں اور خواتین کو   ایک سال تک مفت دودھ تقسیم کرنے  ، آدی واسیوں کیلئے ’کھاوٹی یوجنا ‘  دوبارہ شروع کرنے اور طلبہ کیلئے جہاں جہاں بھی ممکن ہے وہاں آن لائن تعلیمی سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اسی دوران مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے  کے تعلق سے احتجاج نہ کرنے کی اپیل کی اور کورٹ میں بہتر انداز میں معاملے کو رکھنے کیلئے ماہرین کا پینل بنانے کا یقین بھی دلایا ۔
سبھی مذاہب کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا :اتوار کی دوپہر ایک بجے اپنے  خطاب میں وزیر اعلیٰ  نے کہاکہ’’ مَیں اپنی بات شروع کرنے سے قبل مہاراشٹر کے عوام اور سبھی مذہب کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا  کرتا ہوں جنہو ںنے کورونا کے دوران اپنے تہوار میں سماجی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے صبرکے ساتھ اور اصولو ں پر عمل کرتے ہوئے تہوار منائے  ۔  جین، مسلم ، پارسی ،کرسچین  اور سبھی مذہب کے شہریوں کو  مبارکباد پیش کرتا  ہوں۔‘‘
ہیلتھ ورکر ۲؍ مرتبہ گھر  آئیں گے:وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ کورونا وائر س  سے متاثرین کو تلاش کرنے کیلئے ’ میرا خاندان میری ذمہ داری‘   مہم کے تحت میونسپل کارپوریشن، نگر پالیگا اور گرام پنچایت کی مدد سے ہیلتھ ورکر ہر گھر جائیں گے۔اس مہم کیلئے ہر انتخابی حلقہ میںصحت اور محصول کے ساتھ دیگر محکموں کے اہلکاروں کی ٹیم تشکیل دی جائے گی اور یہ ٹیم ۲؍ مرتبہ ہر گھرکا دورہ کرے گی۔ لہٰذا ۵۰؍ سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو اگر بیماری ہوگی تو ان کا علاج کرنے کانظم کیاجائے گا۔‘‘
آکسیجن کی کمی جلد دور کی جائے گی:وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مشن’ بگن اگین‘ کے تحت متعدد کاروبار اور انڈسٹریز شروع کی گئی  ہیں جن میں آکسیجن کا استعمال کیاجارہا ہے۔ اسی لئے آکسیجن کی کمی ہو رہی ہے لیکن اب ۸۰؍ فیصد آکسیجن صحت اور علاج کیلئے استعمال کی جائے گی جس سے امید ہے کہ آکسیجن کی کمی دور ہو جائے گی۔
 وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے نےلوکل ٹرین عوام کیلئے شروع کرنے پرغور کرنے کی بھی بات کہی ساتھ ہی یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر شہری احتیاط نہیں برتیں گے تو دوبارہ سختی سے لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے انتظامات بھی بہتر کئے گئے ہیں۔  پہلے  ساڑھے ۷؍ ہزار  بیڈس تھے جو اب بڑھ کر ۳؍ لاکھ ۶۰؍ ہزار کر دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK