• Fri, 25 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: ایمس میں ڈاکٹر کیساتھ مارپیٹ، ڈاکٹروں کا احتجاج

Updated: September 25, 2026, 5:25 PM IST | Ali Imran | Nagpur

سیکوریٹی اہلکاروں کیلئے مخصوص تربیت، تشدد کو روکنے کیلئے ۲۴؍ گھنٹے ٹیم کی تعیناتی، تھریٹ الرٹ سسٹم کا مطالبہ کیا۔

Resident doctors can be seen protesting. Photo: INN
ریزیڈنٹ ڈاکٹرز احتجاج کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

یہاں ایمس میں ریزیڈنٹ ڈاکٹر کیساتھ تشدد کے بعد ریذیڈنٹ ڈاکٹرز نے احتجاجی دھرنا شروع کر دیا ہے۔ تنظیم نے مریضوں کی باقاعدہ دیکھ بھال بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حملے کرنے والے ملزمین کے خلاف کارروائی کے علاوہ ڈاکٹروں کی سیکوریٹی، سیاسی سفارشات اور اسپتال میں بستروں کی تقسیم پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

معلوم ہو کہ ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک خط کے مطابق ۲۲؍ستمبر کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ڈیوٹی پر موجود ایک ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کی گئی تھی۔ تنظیم کا الزام ہے کہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ جس کے بعد تنظیم نے ۲۳؍ ستمبر کو اپنے مطالبات کا خط انتظامیہ کو دیا تھا۔ تاہم کوئی جواب نہ ملنے پر ۲۴؍ستمبر سے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پونے: ایف ڈی آئی نے ۸؍ہوٹل اور دکانوں کا لائسنس منسوخ کردیا

مریضوں کی دیکھ بھال پر اثر

تنظیم کی جانب سے جونیئر اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ معمول کی آؤٹ پیشنٹ خدمات، اسپتال کے معمول کے علاج اور طے شدہ سرجری بند کردیں۔ یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک انتظامیہ تمام مطالبات کا تسلی بخش، تحریری جواب نہیں دیتی۔ خط میں واضح کیا گیا کہ ہنگامی علاج اور انتہائی نگہداشت یونٹ کی خدمات جاری رہیں گی۔ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ اسپتال انتظامیہ شکایت کی ذمہ داری قبول کرے اور حملہ میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کرکے ۲۴؍گھنٹے کے اندر ان پر قانونی کارروائی کرے۔ تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ حملہ میں ملوث مریض یا رشتہ داروں نے ایک رکن پارلیمنٹ کا نام استعمال کیا ہے۔ اس لئے متعلقہ رکن پارلیمنٹ عوامی بیان دے کر وضاحت کرے۔ اس کے علاوہ تنظیم نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ سیاسی سفارش پر کچھ مریضوں کو ویٹنگ لسٹ کے خلاف بیڈ دئیے جا رہے لہٰذا تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ بستر کی تقسیم بیماری کی شدت اور نوعیت کو دیکھتے ہوئے یکساں اصول پر کی جائے۔ اس کے علاوہ تنظیم نے اسپتال کے سیکوریٹی اہلکاروں کیلئے  مخصوص تربیت، تشدد کو روکنے کیلئے ۲۴؍ گھنٹے ٹیم کی تعیناتی، انتہائی نگہداشت یونٹس جیسے حساس یونٹ میں تھریٹ الرٹ سسٹم اور رہائشی ڈاکٹروں کی شراکت سے ایک کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK