ایکسپائرڈ فوڈ، گندگی اور دیگر خلاف ورزیوں پرکارروائی کی گئی ۔ بگ باسکیٹ کے آؤٹ لیٹ پر ایکشن۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 5:22 PM IST | Agency | Pune
ایکسپائرڈ فوڈ، گندگی اور دیگر خلاف ورزیوں پرکارروائی کی گئی ۔ بگ باسکیٹ کے آؤٹ لیٹ پر ایکشن۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے پونے ڈویژن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے۴۱؍ مقامات پر چھاپے مارے ہیں ۔ اس دوران۸؍ فوڈ بزنس کے لائسنس معطل کیے گئے اور تقریباً۲۴؍ لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔ ممنوع فوڈ پروڈکٹس کے معاملے میں۷؍ مقامات سے۱ء۱۸؍کروڑ روپے کا اسٹاک ضبط کیا گیا،۴؍ایف آئی آر درج کی گئیں اور۶؍ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ۴۱؍مقامات پر چھاپے مار کر۸؍ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور بیکری سمیت دیگر فوڈ بزنسز کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ ملاوٹ اور غلط لیبل کے شبہ میں ۲۳ء۸۹؍ لاکھ روپے مالیت کی غذائی اشیاء بھی ضبط کی گئی ہیں۔ وہیں ممنوع فوڈ پروڈکٹس کے خلاف الگ سے۷؍ مقامات پر کارروائی کی گئی، جہاں سے۱ء۱۸؍کروڑ روپے کا اسٹاک ضبط ہوا ہے۔ جن کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، ان میں بگ باسکیٹ کا پونے کے کروے روڈ پر واقع اسٹور بھی شامل ہے، جسے’انوویٹیو ری ٹیل کانسپٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ‘ نامی کمپنی چلاتی ہے۔ ایف ڈی اے نے ۲۲؍ ستمبر سے اس اسٹور کا ریٹیل فوڈ لائسنس معطل کر دیا ہے۔جانچ کے دوران حکام کو یہاں ایکسپائر ہو چکی اور خراب غذائی اشیاء ملی تھیں۔ اس کے علاوہ کیڑے مکوڑوں کی موجودگی اور سامان کو مناسب طریقے سے نہ رکھے جانے کے شواہد بھی ملے۔ ساتھ ہی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے اور کولڈ چین کو برقرار رکھنے کے نظام میں بھی خامیاں پائی گئیں۔
یہ بھی پڑھئے: کیرالا فلم فیسٹیول میں دہلی کے صفائی ملازمین پر بنی دستاویزی فلم کی نمائش مسترد
ایف ڈی اے پونے ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر ڈی وی بھوگاوڑے نے بتایا کہ یہ تمام خامیاں فوڈ سیفٹی رولز کے شیڈول۴؍ میں دئیے گئے ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں پائی گئیں۔ کمپنی کو۲۲؍ ستمبر کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع بھی دیا گیا تھا۔ تاہم، جانچ کے دوران سامنے آئے شواہد اور کمپنی کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد حکام نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ سُتارواڑی میں واقع رنگلا پنجاب ریسٹورنٹ اور تاتھوڑے کےمنیشا ڈوسا سینٹر کے خلاف بھی صفائی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی ہے۔ انکے لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں۔
۴؍ اضلاع میں کارروائی
ایف ڈی اے کے مطابق یہ پوری کارروائی پونے، سانگلی، شولاپور اور کولہاپورمیں کی گئی ہے۔ محکمے نے واضح کیا ہے کہ جو بھی دکاندار ایکسپائر یا ملاوٹی کھانا فروخت یا ذخیرہ کرتے ہوئے پائے جائیں گے، یا گندے ماحول میں کھانا تیار کرتے ہوئے ملیں گے، ان کے خلاف آئندہ بھی مسلسل کارروائی اور جانچ جاری رہے گی۔