سرپرستوں اور مقامی باشندوں نے انسانی زنجیر بنا کر انہیں بحفاظت باہر نکالا ، شہر کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔
EPAPER
Updated: July 29, 2026, 9:47 AM IST | Ali Imran | Nagpur
سرپرستوں اور مقامی باشندوں نے انسانی زنجیر بنا کر انہیں بحفاظت باہر نکالا ، شہر کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔
ناگپور شہر میں منگل کی صبح سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ۔ شہر کی سڑکیں زیر آب آگئی ہیں اور اس شدید بارش سے کھملا علاقے میں واقع سوملوار اسکول سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اسکول کے قرب و جوار میں ۳ سے ۴ فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے اسکول میں زیر تعلیم تقریباً ۸۰۰ طلبہ کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ انتظامیہ کی غفلت کے باعث پیدا ہونے والی اس نازک صورتحال میں فائر بریگیڈ، مقامی شہریوں اور والدین نے رسیوں کی مدد سے اور انسانی زنجیر بناکر طلبہ کو بحفاظت باہر نکالا۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے اسکول کے میدان اور مین روڈ پر پانی کا بہاؤ بے حد بڑھ گیا تھا۔ پانی کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ وہاں کھڑا رہنا بھی مشکل تھا۔ بچوں کی حفاظت پر سوال اٹھتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے مقامی شہریوں اور والدین کی مدد سے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ والدین اور شہریوں نے اسکول کی عمارت سے مین روڈ تک رسیاں باندھ کر انسانی زنجیر بنائی اور کلاس اول سے دہم تک پڑھنے والے طلبہ کے ہاتھ پکڑ کر انہیں بحفاظت پانی سے باہر نکالا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران والدین کے چہروں پر بے پناہ خوف اور پریشانی واضح دیکھی جا سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: پیپر لیک ترمیمی بل پر لوک سبھا میں گرما گرم بحث
شہریوں کا انتظامیہ پر غصہ
شہریوں نے اس ساری صورتحال کا براہ راست ذمہ دار مقامی انتظامیہ کو قرار دیا ہے۔ عین بارش کے موسم میں انتظامیہ نے اسکول کے سامنے سڑک کا کام شروع کیا ہے۔ چونکہ سڑک ابھی نامکمل ہے اور وہاں ایک بڑا گڑھا بن گیا تھا، اسلئے بارش کا پانی علاقے میں بھر گیا، جس سے یہ خوفناک صورتحال پیدا ہوئی۔ مقامی شہریوں اور والدین نے انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر منصوبہ بند انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ والدین نے الزام لگایا ہے کہ اگر بروقت مناسب منصوبہ بندی کی جاتی تو طلبہ کی زندگیاں اس طرح خطرے میں نہ پڑتی۔
یاد رہے کہ مانسون نے جولائی کے ابتدائی دنوں کے بعد اپنا رخ موڑ لیا تھا لیکن ا ب مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں دوبارہ زور دار بارش شروع ہو گئی ہے۔ ودربھ میں بھی خاصی بارش ہو رہی ہے۔ ان میں ناگپور اور آس پاس کے علاقے بھی شامل ہیں۔ مختلف مقامات پر پانی بھر جانے کے سبب روز مرہ کے معمولات متاثر ہوئے ہیں۔