پارٹی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں پارتھ پوار کے فیصلوں پرسینئر لیڈران نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ این سی پی شردپوار میں انضمام کےمعاملے پر بھی اختلاف رائے پایا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: November 04, 2026, 3:28 PM IST | Agency | Mumbai
پارٹی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں پارتھ پوار کے فیصلوں پرسینئر لیڈران نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ این سی پی شردپوار میں انضمام کےمعاملے پر بھی اختلاف رائے پایا جارہا ہے۔
اجیت پوار کے انتقال کے بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی )میں کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ لیڈران کے سامنے یہ موضوع زیربحث ہے کہ پارٹی کو آگے کیسے چلانا ہے، بڑے فیصلے کون لے گا اور شرد پوار گروپ کے ساتھ پارٹی کا رشتہ کیا ہوگا۔ دریں اثناء مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ این سی پی لیڈروں کی میٹنگ اور اس کے بعد کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ممبئی میں منعقد کی گئی اس میٹنگ میں کچھ سینئر لیڈروں نے پارتھ پوار کے کام کرنے کے انداز پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ٹی وی نائن کی خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ذیشان صدیقی کو ممبئی کا صدر اور امیش پاٹل کو قومی ترجمان مقرر کرنے سے پہلے کور کمیٹی کے اراکین سے بات چیت ہونی چاہئے تھی لیکن دونوں تقرریاں مشاورت کے بغیر کی گئیں۔میٹنگ میں لیڈروںنے واضح طور پر کہا کہ پارٹی کے بڑے فیصلے تمام سینئر لیڈروںسے بات چیت کے بعد ہی کئے جائیں۔ پارتھ پوار اور جے پوار نے یقین دلایا کہ فیصلے سب کی رضامندی سے کئے جائیں گے۔
این سی پی کی سربراہ سونیترا پوار نے منگل کی شام ۷؍ بجے ممبئی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ ’دیوگیری‘ میں پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی کی ایک اہم میٹنگ طلب کی تھی ۔ تادم تحریر میٹنگ میںہوئی گفتگوکی تفصیل نہیں مل سکی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:آر ایس ایف کی۲۰۲۶ء پریس کی آزادی مخالف فہرست میں اڈانی گرپ، اوپ انڈیا شامل
امیت شاہ کے سامنے وزارت مالیات کا معاملہ
ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں امیت شاہ سے ملاقات کے دوران این سی پی لیڈروں نے جلد از جلد وزارت مالیات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دونوں نیشنلسٹ کانگریس پارٹیوں کے انضمام کی مخالفت بھی کی۔ اجیت پوار کے انتقال کے بعد پارٹی اپنی الگ شناخت کو برقرار رکھنا اور حکومت میں اپنی حصہ داری بھی مضبوط کرنا چاہتی ہے۔
دونوں این سی پی کے انضمام پر لیڈروں میں اختلاف رائے
پارٹی کے اندر عدم اطمینان کی ایک بڑی وجہ شرد پوار کی این سی پی کے ساتھ انضمام کی بحث ہے۔ ذرائع کے مطابق پرفل پٹیل چاہتے ہیں کہ دونوں دھڑے دوبارہ متحد ہو جائیں جبکہ سونیترا پوار اس کے حق میں نہیں ہیں۔ وہ اپنی پارٹی کو الگ رکھنا چاہتی ہیں اور اپنی قیادت میں آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔ اجیت پوار کی موت سے پہلے دونوں دھڑوں کے سینئر لیڈران انضمام کے سلسلے میں ۴؍ بار ملاقات کر چکے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ان ملاقاتوں میں ہونے والی بات چیت آگے بڑھے گی یا دونوں پارٹیاں الگ الگ کام کرتی رہیں گی؟
اگر دونوں دھڑے متحد ہو گئے تو پارٹی کی باگ ڈور کون سنبھالے گا؟ کیا سپریا سُلے کو اہم ذمہ داری سونپی جائے گی؟ کیا اس سے پارٹی میں سونیترا پوار اور ان کے خاندان کے کردار میں تبدیلی آئے گی؟ یہ سوالات پارٹی کے اندر بھی زیر بحث ہیں۔
دونوں این سی پی کے انضمام پر بی جے پی کا موقف بھی انہیں ایک ساتھ لانے میں اہم سمجھا جاتا ہے۔ اگر انضمام ہوتا ہے تو کیا شرد پوار این ڈی اے میں شامل ہوں گے؟ کیا بی جے پی اس کیلئے تیار ہوگی؟ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد ان سوالات پر بحث تیز ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سرکاری کے ساتھ اب پرائیویٹ اسکولوں کے اساتذہ بھی مردم شماری کریں گے
امیت شاہ سے ۶؍ لیڈران نے ملاقات کی تھی
واضح رہے کہ پیر کو پارٹی کے ۶؍ سینئر لیڈروں نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ میٹنگ میں پرفل پٹیل، سنیل تٹکرے، دلیپ ولسے پاٹل، حسن مشرف، چھگن بھجبل اور دھننجے منڈے شامل تھے۔ سونیترا پوار اور ان کا بیٹا پارتھ غیر حاضر تھے۔
دوسری طرف پارٹی نے اندرونی تنازعات کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے اور سونیترا پوار کی قیادت میں متحد رہنے کا عزم کیا ہے۔ انضمام کے امکان کو بھی رد کر دیا گیا ہے۔ میٹنگ میں سونیترا پوار اور ان کے بیٹے پارتھ پوار کی غیر موجودگی نے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں۔
این سی پی (اجیت پوار) پر سنجے راؤت کی تنقید
دریں اثنا، شیو سینا (یو بی ٹی ) کے لیڈر سنجے راؤت نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں این سی پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے لکھاکہ ’’مہاراشٹر کے وقار کی قبر! نیشنلسٹ کانگریس پارٹی جسے مراٹھی کے ایک ممتاز لیڈر نے قائم کیا تھا، کوگجرات کے تاجروں کےقدموں میں دے دیا گیا ۔ سب کے سب لاچار اور غلام!‘‘
’’چاچابھتیجے کے بعد اب بی جے پی دو بھائیوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرے گی‘‘
این سی پی (شردپوار) کےلیڈر روہت پوار نے منگل کو الزام لگایا کہ بی جے پی نائب وزیر اعلیٰ کے بیٹوں پارتھ پوار اور ان کے بھائی جے کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بی جے پی نے ان دونوں کے والد اجیت پوار اور ان کے چاچا شرد پوار کے درمیان خلیج پیدا کر دی تھی، اسی طرح اب وہ ان دونوں بھائیوں کے درمیان بھی دراڑ ڈالنے کی کوشش کرے گی۔دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ این سی پی لیڈروں کی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لیڈران اپنے عہدوں کو بچانے، وزارت کا قلمدان حاصل کرنے اور اجیت پوار کے انتقال کے بعد پارٹی کے اندر کوئی سیاسی حکمت عملی وضع کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روہت پوار نے الزام لگایاکہ ’’جس طرح بی جے پی نے چاچا اور بھتیجے کے درمیان اختلافات پیدا کر کے اجیت دادا کو پوار صاحب سے الگ کر دیا تھا، اسی طرح اب وہ ان دونوں بھائیوں پارتھ اور جے کے درمیان بھی اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔‘‘