Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور:علاحدہ ودربھ ریاست کیلئے بیداری مہم، ’’ودربھ سنکلپ پدیاترا‘‘ ۱۳؍مئی کو ناگپور سے شروع

Updated: May 12, 2025, 2:07 PM IST | Ali Imran | Nagpur

پدیاترا کی قیادت بابا شیلکے، سنیل بھاؤ چوکھارےاور مکیش مسورکر کریں گے، ناگپور، وردھا اور امراوتی ضلع کے کچھ دیہی علاقوں سے گزرتے ہوئے ودربھ کے خلاف ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کوعام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

Workers of the separate Vidarbha movement waving the flag. Photo: INN
علاحدہ ودربھ تحریک کا جھنڈالہراتے ہوئے کارکنان۔ تصویر: آئی این این

آزاد ودربھ ریاست کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑرہا ہے۔ اس   کے مستقل حل اور بیداری مہم کے ساتھ عوام کی شرکت بڑھانے کے مقصد سے ۱۳؍مئی ۲۰۲۵ءکو دوپہر ایک بجے ودربھ چندیکا، ناگپور سے ’’ودربھ سنکلپ پدیاترا‘‘کا آغاز ہوگا۔ یہ احتجاجی ریلی ۲۵؍مئی ۲۰۲۵ءکو انجینئر بھون، امراوتی میں اختتام پذیر ہونے کی اطلاع ودربھ ریاستی آندولن سمیتی نے ایک پریس کانفرنس میں دی ہے۔
اس موقع پر ودربھ کی محرومیوں پر بات کرتے ہوئے ’’ودربھ وادی تحریک‘‘ کے عہدیداروں نے کہا کہ’’ ودربھ کے لوگ چار سال سے دو لسانی ممبئی ریاست اور ۶۵؍ سال سے مراٹھی بولنے والی ریاست میں رہنے کے باوجود پیاسے ہیں۔ ناگپور معاہدے میں وعدے کے مطابق ۲۳؍فیصد آبپاشی فنڈز کی عدم وصولی اور ۶۰؍ ہزار کروڑ روپے کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ودربھ میں ۱۳۱؍ ڈیم مکمل نہیں ہو سکے اور ۴ء۱؍ ملین ہیکٹر اراضی زیر آب نہیں لائی جاسکی۔ اس کے علاوہ صحت عامہ، صنعت، توانائی، سڑکیں، پینے کے پانی، دیہی ترقی، قبائلی ترقی اور سماجی بہبود کے محکموں میں پندرہ ہزار کروڑ روپے کے ’بیک لاگ‘ کو بھی مکمل نہیں کیا گیا ہے۔ ‘‘ 
 یہ بھی کہا گیا کہ ’’ریاست مہاراشٹر دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہے، ریاست کی آمدنی پانچ لاکھ ساٹھ ہزار ۹۵۳؍کروڑ ہے اور اسے سالانہ اخراجات پورے کرنے کیلئے  ۶؍ لاکھ۶؍ ہزار ۸۵۵؍کروڑ کی ضرورت ہوگی۔ ریاستی بجٹ میں ۴۵،۸۹۲؍کروڑ روپے کا خسارہ ہے اور ریاست پر۷؍لاکھ ۸۲؍ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے۔ ۵۶ ؍ہزار ۷۲۷؍کروڑ روپے سالانہ سود کے طور پر ادا کرنا ہوں گے۔ اس مالی صورتحال کے باوجود ریاست نے اب تک ۱۳۰۰۰؍کروڑ روپے کا قرض لیا ہے اور مرکزی حکومت سے ۳۲ء۱ لاکھ کروڑ روپے کا نیا قرض لینے کی اجازت مانگی ہے۔ یہ اس بات کا تازہ ترین ثبوت ہے کہ ریاست دیوالیہ پن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس لیے ان تمام سوالوں کا جواب ودربھ کی ایک مضبوط اور متوازن آزاد ریاست ہے۔‘‘ 
مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ  ۱۳؍مئی کو دوپہر ایک بجے، ودربھ سنکلپ پدیاترا کٹر ودربھ وادی لیڈر بابا شیلکے، سنیل بھاؤ چوکھارے، مکیش مسورکر کی قیادت میں چالیس ودربھ حامیوں کے ساتھ ودربھ چندیکا، شہید چوک، ناگپور سے شروع ہوگی۔ یہ پیدل یاترا ناگپور، وردھا اور امراوتی ضلع کے کچھ دیہی علاقوں سے گزرے گی اور بیداری پھیلانے اور ودربھ کے خلاف ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کو دیہاتوں میں عام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کرے گی۔ اختتامی تقریب ۲۵؍مئی کو صبح ۱۱؍بجے انجینئر بھون، شیگاؤں ناکہ، امراوتی میں مغربی ودربھ میلے میں منعقد ہوگی۔ ودربھ ریاستی آندولن سمیتی نے سرپنچوں، کنٹریکٹ اساتذہ، انجینئروں، ملازمین، فی گھنٹے کے حساب سے کام کرنے والے پروفیسروں، غیر امدادی اسکولوں، کالجوں، آشرم اسکولوں کے اساتذہ، پروفیسرز اور غیر تدریسی عملہ اور مغربی ودربھ کے بے روزگاروں سے اس میلے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK