• Tue, 13 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نانا پاٹیکر کثیرجہتی شخصیت کے حامل تھے جن کی زندگی فن، بیباکی اورانسانیت کا ایک انوکھا امتزاج رہی

Updated: October 13, 2026, 12:16 PM IST | Siraj Sheikh | Murud-Janjira

آنجہانی اداکار کے آبائی گاؤں مروڈ جنجیرہ میں تعزیتی پروگرام کا انعقاد۔رکن پارلیمان سنیل تٹکرے نے نانا کی یادگار بنانے اور ن کے لئے پدم بھوشن ایوارڈ کا مطالبہ کیا۔

Prominent city figures can also be seen in the snapshot taken during the condolence program. Photo: INN
تعزیتی پروگرام میںاظہار خیال کرتے ہوئے تٹکرے ، شہر کی اہم شخصیات بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این
معروف بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر (وشوناتھ پاٹیکر) کے انتقال کے بعد مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں مداحوں اور مقامی تنظیموں کی جانب سے تعزیتی پروگرام اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔آج ان کے آبائی گاؤں مروڈ جنجیرہ میں بھی تعزیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔اس پروگرام میں این سی پی (اجیت ) کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمان سنیل تٹکرے نے شرکت کی اور ان کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔دربار ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں سب سے پہلے سنیل تٹکرے نے نانا پاٹیکر کی تصویر پر پھول چڑھائے پھر شیواجی مہاراج اور بابا صاحب امبیڈکر کے مجسموں کو ہار پہنایا۔
  سنیل تٹکرے نے جذباتی انداز میں کہا کہ نانا پاٹیکر محض ایک روایتی اداکار نہیں تھے بلکہ وہ ہندوستانی سنیما اور معاشرے کی ایک ایسی کثیر جہتی شخصیت تھی جن کی زندگی فن، بے باکی، اور انسانیت کا ایک انوکھا امتزاج ہے۔ نانا پاٹیکر نے فلموں میں ڈائیلاگ ڈیلیوری اور اداکاری کا ایک بالکل نیا اور منفرد انداز متعارف کرایا۔ ان کی جاندار اداکاری آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہے۔ وہ کردار کو صرف نبھاتے نہیں، بلکہ اس میں ڈوب جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ فلمی دنیا کی چمک دمک سے دور ایک سچی اور کھری زندگی گزارنے کیلئے جانے جاتے ہیں وہ سیاسی اور سماجی معاملات پر بغیر کسی خوف کے اپنی رائے کا اظہار کرتے ، جو ان کے مضبوط کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
 
 
سنیل تٹکرے نے کہا نانا پاٹیکر کی حب الوطنی صرف فلمی اسکرپٹ تک محدود نہیں تھی۔ بلکہ ایک فلم کی تیاری کے دوران انہوں نے باقاعدہ انڈین آرمی کی سخت ترین ٹریننگ حاصل کی  اور اس کے لیے انہیں اعزاز بھی دیا گیا تھا۔ سنیل تٹکرے نے ان کی سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت کا سب سے خوبصورت پہلو ان کا خدمتِ خلق کا جذبہ ہے۔ انہوں نے ’’نام فاؤنڈیشن‘‘کے ذریعے مہاراشٹرا کے قحط زدہ علاقوں کے غریب کسانوں اور ان کے خاندانوں کی مالی مدد کی اور انہوں نے  اپنی کمائی کا ایک بڑا حصہ فلاحی کاموں میں صرف کر دیا وہ ایک ایسی نایاب شخصیت تھی جنہوں نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ کر بھی اپنی جڑیں زمین سے جوڑے رکھیں اور ایک سچے انسان اور سچے محبِ وطن کی مثال قائم کی۔اس موقع پر ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ مروڈ جنجیرہ میں نانا پاٹیکر کی یادگار بنانے اور ان کا نام پس از مرگ پدم بھوشن ایوارڈ کے لئے تجویز کریں گے۔
اس موقع پر صدر بلدیہ ارادھنا ڈانڈیکر،منگیش دانڈیکر، وجے پیر،بابو سروے،منوج بھگت،اسمیتا کھیڑے کر،سنجے گنجال،اور منو ہر بیلے، نے تعزیتی کلمات پیش کر کے نانا پاٹیکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK