ضلع کلکٹر نے کہا کہ پرچے کے دوران امتحانی مراکز کے باہر دفعہ۱۶۳؍ کے تحت بھیڑ پر پابندی ہوتی ہے۔
ناندیڑ کی خبر۔ تصویر:آئی این این
بارہویں جماعت کے صبح کے سیشن میں فزکس (طبیعیات) کا پرچہ ضلع ناندیڑ میں مجموعی طور پر پُرامن اور منظم انداز میں منعقد ہوا۔ضلع کے تمام امتحانی مراکز پر ڈرون، ویڈیو کیمروں اور زوم ویب کاسٹ کے ذریعے سخت نگرانی کی گئی۔ یہ جانکاری ضلع کلکٹر راہول کَرڈِیلے نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے۱۰۹؍ امتحانی مراکز پر فلائنگ اسکواڈ کے ذریعے زوم ویب کاسٹ کے ذریعہ امتحان کی مکمل مدت نگرانی کی گئی۔
اس کے ساتھ ہی ڈرون اور ویڈیو کیمروں کے ذریعے بھی ہر مرکز پر باریک بینی سے نظر رکھی گئی۔ پولیس انتظامیہ کے سخت بندوبست کی وجہ سے کسی بھی امتحانی مرکز کے باہر بھیڑ دیکھنے میں نہیں آئی۔ضلع میں محکمۂ تعلیم کی جانب سے چھ خصوصی ٹیمیں امتحان کی نگرانی پر مامور تھیں۔ تعلیمی افسر (منصوبہ) دلیپ کمار بنسوڈے کی ٹیم نے تعلقہ مُکھيڑ کے اُمردری میں واقع نرسمہا ہائر سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا، جہاں دو طلبہ نقل کرتے ہوئے پائے گئے۔اسی طرح، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) رام چندر پاچنگے نے تعلقہ کندھار کے شری بالاجی ہائر سیکنڈری اسکول، بوری خورد میں معائنہ کے دوران ایک طالب علم کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ جبکہ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (منصوبہ) مادھو شنگڈے نے تعلقہ ماہُور کے شری شنکر راؤ چوہان ہائر سیکنڈری اسکول، آشٹا میں معائنہ کے دوران ۳؍ طلبہ کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا۔تحصیلدار مُکھيڑ راجیش جادھو نے مہاتما پھُلے مہاوِدیالیہ، مُکھيڑ کے امتحانی مرکز پر ایک طالب علم کے خلاف نقل کا معاملہ درج کیا۔
منگل کو فزکس کے پرچے کے لیے ضلع میں کل۲۴؍ ہزار۵۲۷؍طلبہ رجسٹرڈ تھے، جن میں سے۲۴؍ ہزار۲۰۶؍ طلبہ امتحان میں شریک ہوئے۔ضلع انتظامیہ کے مطابق، زوم ویب کاسٹ، ڈرون اور ویڈیو نگرانی کے مؤثر نفاذ کے سبب مجموعی طور پر ۷؍ طلبہ نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔متعلقہ طلبہ کے خلاف بورڈ کے ضوابط کے مطابق کارروائی کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ مرکز سربراہان اور بیٹھے دستوں کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ضلع کلکٹر راہول کرڈلے نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر کسی نقل کے، پورے اعتماد اور خوشگوار ماحول میں امتحان دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ امتحانی مراکز کے اطراف پرچے کے دوران بی این ایس کی دفعہ۱۶۳؍ نافذ ہے، اسلئے بھیڑ نہ لگائیں ورنہ کارروائی کی جائے گی۔