ذبیحہ کاکاروبار بندہونے کے سبب متاثر ہونیوالے غریب خاندانوں تک راشن پہنچانے کا بھی اعلان کیا
EPAPER
Updated: July 28, 2025, 1:14 PM IST | ZA Khan | Nanded
ذبیحہ کاکاروبار بندہونے کے سبب متاثر ہونیوالے غریب خاندانوں تک راشن پہنچانے کا بھی اعلان کیا
ناندیڑ میں قریشی برادری کی جانب سے جاری بند کو اتوار کے دن ’اصلاح معاشرہ کمیٹی‘ کی جانب سے بھی مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں گورنمنٹ ریسٹ میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔جس میں اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کنوینر ایڈوکیٹ عبدالرحمٰن صدیقی، فاروق احمد اور دیگر اراکین نے واضح طور پر کہا کہ اس تحریک کا مقصد صرف مظلوم طبقہ، خاص کر محنت مزدوری کرنے والے غریب خاندانوں کو بھکمری سے بچانا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قریشی برادری کی جانب سے فراہم کی جانے والی فہرست کے مطابق ہر ضرورت مند خاندان تک راشن کِٹ پہنچائی جائے گی۔ تاکہ ذبیحہ کاروبار کے بند کے سبب ان کو کھانے پینے کی دقت نہ ہو۔اس اہم میٹنگ میں جن اہم مسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی ان میں قانونی طور پر ممنوع نہ ہونے والے جانوروں کی خرید و فروخت اور ٹرانسپورٹیشن کے دوران گئورکشکوں کے حملے، حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سلاٹر ہاؤس کے لائسنس، آلودگی کنٹرول اور جانوروں سے متعلق قوانین کی آڑ میں کیا جانے والا استحصال، بیف بین کے نفاذ، ہوٹل کاروبار اور مزدور طبقہ پر پڑنے والا اثر۔پولیس محکمے کی جانب سے سیاسی دباؤ اور تفتیش کے دوران شفافیت کی کمی جیسے عنوانات شامل ہیں
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ان تمام مسائل کا حل قانون کے دائرے میں رہ کر نکالا جائے گا اور کسی بھی غریب، بے قصور خاندان پر ظلم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر اصلاحِ معاشرہ کی جانب سے قریشی برادری کے سرکردہ افراد میں خلیل قریشی، عزیز قریشی، اقبال قریشی اور فاروق قریشی کا شال اور گلپوشی سے استقبال کیا گیا۔تقریب میں اصلاحِ معاشرہ کے سینئر رکن الطاف ثانی، انجینئر پرشانت انگولے، رحمت پہلوان، سینئر صحافی شام کامبلے، کرامت اللہ خان المعروف کمّو سیٹھ، سابق کارپوریٹر سعید خان، ایڈوکیٹ شیخ بلال، پروفیسر وِنایک گجبھارے اور محمد قاسم سمیت کئی معززافراد موجود تھے۔