• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوی ممبئی: پانی کی قلت سے پریشان مکینوں کا احتجاج

Updated: November 06, 2026, 1:14 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Vashi

مظاہرین نے میونسپل انجینئر کے دفتر میں گھس کر نعرے لگائے۔تربھے واشی ناکہ کے سیکٹر ۱۹؍ کی ایکتا نگر جھوپڑپٹی کے مکین ایک ہفتے سے پانی خرید نے پرمجبور ہیں۔

A protest is being held at the Navi Mumbai Municipal Corporation engineer`s office against water shortages. Photo: Inquilab
پانی کی قلت کے خلاف نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انجینئر کے دفتر میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

تربھے واشی ناکہ کے سیکٹر ۱۹؍ کی  ایکتا نگر گرین پارک جھوپڑپٹی  کے سیکڑوں خاندان پانی کی قلت سے پریشان ہیں اسی لئے وہ جمعرات کو  نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی ) پر احتجاج کرنے پہنچے۔ مظاہرین ’ہمیںپانی دو‘کے پلے کارڈز لے کر واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ کے ایگزیکٹیو انجینئر شنکر جادھو کے دفتر میں داخل ہوگئے اور نعرے بلند کرنے لگے۔ یہ منظر دیکھ کر انجینئر جادھو نےناراضگی کااظہار کیا اورکہا کہ آپ لوگ بلااجازت میرے دفتر میںکیسے آگئے؟ مگر مظاہرین کی موجودگی اور ان کے مطالبے کااثر یہ ہوا کہ انجینئرنےاپنا کارڈ دیا اوریہ یقین دلایا کہ اگرآج یعنی جمعہ کو پانی نہ آئے تو آپ لوگ مجھے فون کریں،میںخود آکر اس علاقے کا جائزہ لوں گا اور یہ مسئلہ بہرصورت حل کرایا جائے گا۔  مظاہرین جو پلے کارڈ لئے ہوئے تھے، اس پر ’پانی دو،  پانی دو ، ایکتا نگر کو پانی دو ‘ لکھا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ اس جھوپڑپٹی کے مکین ایک ہفتے سے پانی کی شدید قلت سے پریشان ہیں۔ وہ پانی کے لئے ادھر ادھر بھٹکنے اورپانی خرید کرکسی صورت اپنی ضرورت پوری کررہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مالونی کے۱۴؍غیر قانونی اسکولوں کے طلبہ اور ان کے والدین کو عدالت سے راحت

پانی کی قلت کے خلاف جمعرات کی سہ پہر یہ احتجاج ’مہاراشٹرگھر حق سنگھرش سمیتی‘ کی جانب سے سمیتی کے نائب صدر خواجہ میاں پٹیل کی سربراہی میں کیا گیا ۔ انہوںنےنمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ مذکورہ جھوپڑپٹی میں تقریباً ۷۰۰؍ جھوپڑے ہیں اور ایک ہفتے سے پانی برائےنام آرہا ہے۔اس کا نتیجہ یہ ہے کہ غریب اور مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والے مکین  روزانہ  ۲۰۰؍ روپے سے زائد خرچ کرکے پانی خرید کرکسی طرح اپنی ضرورت پوری کررہے ہیں۔ یہاں بی ایم سی کی جانب سے گروپ کی شکل میں کُل۱۲؍ کنکشن دیئے گئے ہیں جہاں سے مکین مشترکہ طور پرپانی بھرتے ہیں ۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’’ جب ہم سب انجینئر جادھو کی کیبن میں داخل ہوئے اورپلے کارڈ دکھایا تو انہوںنے ناراضگی کااظہار کیا کہ کیسے میری کیبن میںداخل ہوگئے، پہلے بتانا چاہئے تھا توان سے کہا گیا کہ اس کی اطلاع نوی ممبئی میونسپل کمشنر اور دیگر افسران کے علاوہ وزیراعلیٰ اورنائب وزرائے اعلیٰ کو بھی پیغام بھیج کرکردی گئی تھی۔ اس پر انجینئر نےجواب دیا کہ یہ مسئلہ حل کیاجائے گا ۔آپ لوگ میرا نمبر لیجئے اوراب پانی نہ آنے پرمجھ کوبتائیے، میںخود آؤں گا اور دیکھوں گا کہ پانی نہ آنے کی کیا وجہ ہے ، اسے حل کیا جائے گا ۔‘‘ 

’’اس دفعہ تو انتہا ہوگئی‘‘

خواجہ میاں پٹیل کے مطابق ’’ایکتا نگر گرین پارک جھوپڑپٹی کچھ اونچائی پرآباد ہے مگر یہاںپانی کی ایسی قلت پہلے کبھی نہیں پیدا ہوئی تھی۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اتنا پانی بہرحال فراہم کرایاجاتا رہا کہ مکینوں کو پریشانی نہیں ہوئی لیکن اس دفعہ توانتہا ہوگئی ، اسی سبب ان کومجبوراً احتجاج کرنا پڑا۔ اگر وعدے کے مطابق انجینئرکی جانب سے پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ہم سب بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔‘‘

انجینئر کی کیبن میں احتجاج کرنے والوں میں دیپک موریہ ، سیما مہتو، شرکے تائی، نجمہ شیخ ، عبدالرحمٰن شیخ ، علاء الدین شیخ ، سعیدہ خاتون اورستیش بنکر وغیرہ شامل تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK