Inquilab Logo

این سی پی اجیت پوارگروپ کارائے گڑھ، ستارا،شیروراوربارامتی پارلیمانی سیٹوں پرالیکشن لڑنے کا فیصلہ

Updated: December 02, 2023, 10:32 AM IST | Siraj Shaikh | Karjat

کرجت میں دوروزہ ا جلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اجیت پوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرائی جائے گی.

Ajit Pawar addressing the press conference. MP Sunil Tatkare, Dhananjay Munde and others are also seen. Photo: INN
اجیت پوار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ رکن پارلیمان سنیل تٹکرے،دھننجے منڈے اور دیگرافراد بھی نظرآرہے ہیں۔۔ تصویر : آئی این این

 رائے گڑھ ضلع کے کرجت علاقے میں این سی پی کے ۲؍ روزہ اجلاس کے بعد این سی پی کے باغی لیڈر اجیت دادا پوار نے جمعہ کو دوپہر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے بہت سوچ سمجھ کر بی جے جے پی سے اتحا د کیا اور کابینہ میں شامل ہوئے۔ ہم اپنے ذاتی عزائم اور مفاد کو بالائے طاق رکھ کر ریاست کی ترقی کے لئے حکومت میں شامل ہوئے ہیں ۔ ریاست مہاراشٹر میں رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا ،سلگتے ہوئے مسائل کو حل کرنا اور پارٹی کو مضبوط کرنا ہمارا مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ناگا لینڈ میں این سی پی کے ۴؍ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ، وہ بھی ہمارے ساتھ ہیں ۔
 مراٹھا ریزرویشن کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اجیت پوار نے کہا کہ مراٹھا، آدیواسی، او بی سی اور دھنگر سماج ریزرویشن کیلئے ریاست بھر میں احتجاج کررہے ہیں ،اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ہر سماج کو اپنا حق حاصل کرنے کیلئے جمہوری طریقے سے لڑنے کا حق دیا ہے۔ او بی سی سماج کے ریزرویشن میں کوئی کمی بیشی نہ کرتے ہوئےریاستی حکومت مراٹھوں کو ریزرویشن دینے کے حق میں ہیں ۔ اس ضمن میں کمیشن اور سمیتی کی رپورٹ اور سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کے مطابق کام کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے سے نظام اور برطانوی دور حکومت کے تمام ریکارڈ چیک کئے جائیں گے تاکہ کوئی بھی ریزرویشن سے محروم نہ رہے۔ 
 اجیت پوار نے مردم شماری کے تعلق سے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ ریاست میں ذات پات کی بنیاد پر مستقبل میں کی جانے والی مردم شماری سے ریاست کے وسائل میں ہر ذات کے لوگوں کو منصفانہ حق ملے گا اور ان کی طاقت کے مطابق تعلیم اور روزگار میں انہیں نمائندگی مل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ ذات پات کے اعدادو شمار کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ اس سے انتخابی نتائج بھی متاثر ہوتے ہیں ۔ذات پات کے اعداد و شمار حاصل ہونے سے معاشرے کے پسماندہ طبقات کیلئے ترقیاتی پالیسیاں بنانے میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔اس لئے ہم ریاست میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کے حق میں ہیں ۔
  ایک سوال کے جواب میں اجیت پوار نے کہا کہ این سی پی رائے گڑھ، ستارا،شیرور اوربارامتی پارلیمانی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ ہمارے پاس مضبوط امیدوار ہیں اور انہیں جتانے کیلئے ہم شب و روز ایک کردیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں لوک سبھا کی دیگر سیٹیں جو بی جے پی اور شندے گروپ کے پاس نہیں ہیں اور وہ ادھو ٹھاکرے گروپ کے پاس ہیں ، ایسی سیٹیں بھی ہم حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اس کے لئے این ڈی اے کے اعلیٰ لیڈران کے ساتھ بات چیت کی جائے گی ۔
 ایک صحافی نے پوچھا کہ انل دیشمکھ پہلے آپ کے ساتھ تھے ، اب کیوں نہیں ہےتو اجیت پوار نے کہا کہ انل دیشمکھ میرے ساتھ تھے۔ ہماری ہر میٹنگ میں شریک ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مجھے کابینہ میں جگہ ملنی چاہئے لیکن بی جے پی والوں نے کہا تھا کہ ہم نے ان پر کئی الزامات لگائے ہیں اور فوری طور پر ان کو کابینہ میں شامل کرنے سے ہماری پارٹی کیلئے مشکلات آسکتی ہیں ۔اس لئے انہیں کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا اس کے بعدسے وہ ہمارے ساتھ نہیں ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK