Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’منشیات اورڈرگس مافیا سے شہر کو پاک کرنا ضروری ہے‘‘

Updated: April 17, 2026, 10:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ہانڈی والی مسجدمیںعلماء کی خصوصی نشست میں پولیس کے طریقۂ کار پرسوال۔ علماء کے وفد نے سینئرانسپکٹرسےبھی ملاقات کی۔

Scholars talking to a senior inspector at the police station. (Photo: Inquilab)
پولیس اسٹیشن میں علماء سینئر انسپکٹر سے گفت و شنید کرتے ہوئے۔ (تصویر: انقلاب)

مولانا سید خالد اشرف اور ان کے صاحبزادگان پرڈرگس مافیا کے ذریعے حملہ اوربدتمیزی کے بعد سے ہی اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیاجارہا ہے۔ اسی تعلق سے جمعرات کی صبح ہانڈی والی مسجد میںعلماء،ائمہ اورملّی تنظیموں کے ذمہ داران کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ ختم ہونے کےبعد علماء کاایک کثیر رکنی وفد ڈونگری پولیس اسٹیشن پہنچا اور سینئرانسپکٹر سے ملاقات کی اور ڈرگس مافیا کیخلاف مزیدسخت کارروائی اور مفرور ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ دہرایا۔

یہ بھی پڑھئے: گوریگاؤں: موتی لال نگر کے ری ڈیولپمنٹ کیلئے ماسٹر پلان تیار

الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ’’ دینی شخصیات پر حملہ حیران کن اورپوری ملت پر حملہ کے مترادف ہے۔‘‘ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے ڈرگس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔‘‘ مولانا خلیل الرحمٰن نوری نےکہا کہ’’ شہر میں ڈرگس مافیاکاجال پھیلتا جارہا ہے ۔ان سے شہرکو پاک کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ مولانا انیس اشرفی نے کہا کہ ’’مولانا پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے، تمام خاطیوں کی جلد ازجلد گرفتاری ضروری ہے ۔‘‘ مولانا اعجاز احمد کشمیری نے کہا کہ’’ مولاناسید خالد اشرف اوران کے صاحبزادگان پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے۔ اگر ڈرگس مافیا کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو علماء اور عوامِ سخت احتجاج پر مجبور ہوںگے۔‘‘ مولانا عبد الجبار اعظمی ماہر القادری نے کہا کہ ’’یہ واقعہ ہم سب کیلئے باعث ِ تشویش ہے، حکومت مذہبی شخصیات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔‘‘ مولانا شرف الدین مصباحی نے کہا کہ ’’مذہبی شخصیات پر حملہ معاشرے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک اشارہ ہے، اس کا مکمل تدارک ضروری ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: بابا صاحب امبیڈکر کی ۱۳۵؍ویں جینتی کی مناسبت سےآئین کے تحفظ کا عہد

علماءکے تعاون اور صدائے احتجاج بلند کرنے پرکلمات تشکرادا کرتے ہوئےمولانا سید خالد اشرف نے کہا کہ ’’ہمیں پولیس اور انتظامیہ پر مکمل اعتماد ہے، وہ اپنا کام کر رہی ہے۔ تمام حضرات شہر میں امن و امان قائم رکھنے میں اہم رول ادا کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔‘‘ ہانڈی والی مسجد میںمنعقدہ نشست میں قاری محمد صدیق ، قاری واجد علی ، قاری نیاز احمد رضوی ، قاری گلزار احمد رضوی ، قاری مشتاق احمد، قاری محمد رفیق ، قاری محمد سعید اشرفی ، مولانا جہانگیر القادری ، مولانا عظمت علی علیمی ، مولانا معراج احمد حبیبی ، مولانا توصیف رضا ، مولانا غلام مصطفیٰ اور مولانا حاتم طائی وغیرہ موجود تھے۔سبھی نے ڈرگس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK