تھوک بازارکے مقابلے خردہ بازار میں سبزیاں تقریباً دگنی قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 11:18 AM IST | Nashik
تھوک بازارکے مقابلے خردہ بازار میں سبزیاں تقریباً دگنی قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔
ناسک (ایجنسی):دیوالی کے ایام میں بڑھنے والی قیمتوں کا اثر سبزی منڈی میں بھی واضح طور پر نظر آرہا ہے۔ شہر میں مہنگی سبزیوں نے عام شہریوں کےکچن کا بجٹ بگاڑدیا ہے۔ مختلف سبزیاں خردہ بازار میں تھوک قیمت سے دگنے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ بالخصوص شملہ مرچ کی قیمت میں تیزی سے اچھال آیا ہے اور اس وقت بازار میں یہ ۱۲۰؍ روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ خشک سالی کے باعث پہلے ہی سبزیوں کی پیداوار متاثر ہے۔ اب تہوار کے موقع پر کسانوں اور کھیت مزدوروں کی چھٹیوں کے باعث تھوک بازار میں سبزیوں کی آمد کم ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں خوردہ بازار میں سبزیوں کی قیمتیں تھوک نرخوں کے مقابلے کافی زیادہ ہوگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح
اس حوالے سے نوبھارت لائیو کی رپورٹ کے مطابق ناسک شہر میں دیوالی کے تہوار کے دوران سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں نے عام شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ خشک سالی کی صورتحال کے سبب اس سال پہلے ہی سبزیوں کی پیداوار متاثر ہوئی تھی۔ اب تہوار کی وجہ سے دیہی علاقوں سے بازاروں میں آنے والی سبزیوں کی مقدار بھی کم ہوگئی ہے۔کسانوں اور کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے چھٹیوں پر اپنے گاؤں چلے جانے سے تھوک بازار میں سبزیوں کی سپلائی کم ہوگئی ہے۔ اس کا براہِ راست اثر خوردہ بازار پر پڑا ہے، جہاں کئی سبزیاں تھوک قیمتوں کے مقابلے کہیں زیادہ داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
تھوک اور خوردہ قیمتوں میں بڑا فرق
بازار میں سبزیوں کی آمد کم ہونے کے باعث میتھی، ہرا دھنیا اور پالک جیسی پتوں والی سبزیوں کے علاوہ ٹماٹر، بھنڈی، گوار پھلی، پھول گوبھی، شملہ مرچ اور بینگن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔اس وقت بینگن کا ہول سیل دام ۴۰؍ روپے کلو جو خردہ(ری ٹیل) ۶۰؍ سے ۷۰؍ روپے فی کلوفروخت ہورہا ہے۔شملہ مرچ کا ہول سیل بھاؤ ۷۰؍سے ۸۰؍ روپے فی کلو ہے اور ری ٹیل بھاؤ ۱۰۰؍ سے ۱۲۰؍ روپے فی کلو۔ری ٹیل سبزی بازار میں ترئی ، کریلا،بھنڈی، گوار۷۰؍ سے ۸۰؍ روپے فی کلو اور پتہ گوبھی اور پھول گوبھی ۱۵؍سے ۲۰؍روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔سبزیوں کے دام میں اضافے نےگھروں کے بجٹ کو بگاڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دسمبر کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس
سبزیوںکی آمد میں کمی کا سبب
چونکہ دیہی علاقوں میں دیوالی کا تہوار بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔اس باعث کھیتوں میں کام کرنے والے مزدور بھی چھٹیوں پر اپنے گاؤں چلے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے کھیتوں سے سبزیوں کی توڑائی، چھٹائی اور انہیں بازار تک پہنچانے کا عمل متاثر ہوا ہے۔ تھوک بازار میں سبزیوں کی معمول کی آمد کے مقابلے مقدار کم ہونے سے قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔