• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلڈانہ: خشک سالی کے خلا ف مزاحمتی مارچ پر جاسوسوں کی نظر، روی کانت توپکر

Updated: November 16, 2026, 11:21 AM IST | Ali Imran | Buldhana

کرانتی کاری شیتکری سنگھٹن کے صدر اور کسان لیڈر روی کانت توپکر نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کسانوں کے خشک سالی مخالف احتجاجی مارچ کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور ان کی ہر سرگرمی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

Ravi Kant Topkar. Photo: INN
روی کانت توپکر۔ تصویر: آئی این این

کرانتی کاری شیتکری سنگھٹن کے صدر اور کسان لیڈر روی کانت توپکر نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کسانوں کے خشک سالی مخالف احتجاجی مارچ کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور ان کی ہر سرگرمی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں اور خفیہ ایجنسیوں کے ملازمین کو مارچ میں تعینات کیا گیا ہے۔ توپکر کے اس الزام کے بعد ریاست کی سیاسی فضا میں گرما گرمی پیدا ہوگئی ہے۔ کسانوں کے مسائل پر حکومت کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کرنے والے روی کانت توپکر نے ۱۴؍نومبر کو ملکاپور سے اپنی ۲۱ روزہ ’’خشک سالی جدوجہد یاترا‘‘ کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح

یاترا کے پہلے دن ملکاپور تعلقہ کے دیودھابہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے۔ توپکر نے کہا کہ حکومت ہماری تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہماری ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ممبئی، ناگپور اور بلڈانہ سے خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار براہِ راست احتجاجی مارچ میں شامل ہوئے ہیں، جبکہ سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی ہمارے تعاقب پر مامور ہیں۔ تاہم حکومت کی ایسی کوششوں سے ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ کسانوں کے جائز حقوق کی یہ لڑائی کسی بھی صورت میں نہیں رکے گی۔

یہ بھی پڑھئے: دسمبر کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس

جلسے میں توپکر نے حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی لڑائی پولیس سے نہیں ہے، بلکہ ان لوگوں سے ہے جو پولیس کو ان کی تحریک پر نظر رکھنے کے لیے بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہمارے بھائی ہیں اور ان سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، لیکن ہمارے پیچھے پولیس لگانے والوں سے ہم جواب طلب کیے بغیر نہیں رہیں گے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ یاترا میں کون آ رہا ہے، کون جا رہا ہے، قیام کہاں ہو رہا ہے اور کن لوگوں سے بات چیت کی جا رہی ہے، ان تمام سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار ہمارے درمیان گھوم رہے ہیں، لیکن ہمیں اس کی کوئی پروا نہیں۔توپکر نے بتایاکہ ۴؍دسمبر کو بلڈانہ میں منعقد ہونے والے کسانوں کے عظیم الشان ’یلغار مہامورچہ‘ کے حوالے سے بھی حکومت کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی جدوجہد یاترا ۲۱؍دن تک ضلع کے تمام ۱۳؍ تعلقوں کے مختلف دیہات سے گزرے گی اور ۴؍دسمبر کو بلڈانہ میں اس کا اختتام ایک بڑے احتجاجی مارچ پر ہوگا۔ اس دن حکومت کو کسانوں کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK