Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ایس آئی آر مہم میں غفلت برداشت نہیں کی جائےگی‘‘

Updated: July 25, 2026, 1:38 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

تھانے ضلع کلکٹر نےاس مہم کو قومی فریضہ سمجھ کرمقررہ وقت میں کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

District Collector Dr. Shri Krishna Panchal held discussions with senior officials. Photo: INN
ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے اعلیٰ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ تصویر: آئی این این

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن( ایس آئی آر) مہم کو مؤثر اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ نے سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ اس سلسلے میں تھانے ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے متعلقہ افسران کو دوٹوک انداز میں ہدایت دی ہے کہ وہ ایس آئی آر مہم کو محض سرکاری کارروائی نہ سمجھیں بلکہ اسے ذاتی ذمہ داری اور قومی فریضہ تصور کرتے ہوئے تمام مراحل بروقت مکمل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر تساہل یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: کوپر اسپتال کی تمام ایکسرے مشینیں بند، مریض پرائیویٹ سینٹر جانے پر مجبور

گزشتہ روز کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کے اسٹینڈنگ کمیٹی ہال میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال کی صدارت میں ایک اہم جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع میں جاری ایس آئی آر مہم میں درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے کہا کہ ایس آئی آر مہم الیکشن کمیشن آف انڈیا کا ایک نہایت اہم اور وقت کی پابندی پر مبنی منصوبہ ہے اس لئے ہر افسر اپنے سپرد کئے گئے کام کی ذاتی ذمہ داری قبول کرے اور اسے پوری دیانت داری اور جواب دہی کیساتھ انجام دے۔ 

انہوں نے ہدایت دی کہ تمام کارروائیاں مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں تاکہ ووٹر فہرستوں کی نظرِ ثانی کا عمل بلا رکاوٹ پایۂ تکمیل تک پہنچ سکے۔میٹنگ میں گھر گھر جا کر ووٹروں کی تصدیق کی رفتار، کاؤنٹنگ شیٹ اور فارموں کی تقسیم و وصولی، آن لائن پورٹل پر ووٹر ڈیٹا کے بروقت اندراج اور اپ ڈیٹنگ، نیز زیر التوا معاملات اور شکایات کے فوری ازالے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: موسلادھاربارش سے پال گھر کے کئی علاقے زیرآب، ۲؍افراد ہلاک

ضلع کلکٹر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جہاں کہیں بھی رکاوٹیں درپیش ہوں انہیں فوری طور پر دور کرکے مہم کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے۔اس موقع پر کے ڈی ایم سی کے کمشنر ابھنو گوئل نے مختلف محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ ایس آئی آر مہم کی کامیابی کا انحصار الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل اور تمام متعلقہ اداروں کے مؤثر تعاون پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK