۸؍گھنٹے کی محنت کے بعد ’کرشی وکاس بینک‘ کی ترشولی ڈھونگے شاخ سے تقریباً۱ء۵؍ کروڑ روپے نقد، تقریباً۵۰؍کروڑ روپے کا سونا اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر پہنچائی گئیں۔
EPAPER
Updated: September 01, 2026, 2:19 PM IST | Agency | Kathmandu
۸؍گھنٹے کی محنت کے بعد ’کرشی وکاس بینک‘ کی ترشولی ڈھونگے شاخ سے تقریباً۱ء۵؍ کروڑ روپے نقد، تقریباً۵۰؍کروڑ روپے کا سونا اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر پہنچائی گئیں۔
نیپال میں آئے تباہ کن سیلاب کے باعث عمارتوں اور گاڑیوں سمیت تمام چیزیں کئی فٹ نیچے ملبے میں دب چکی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کئی بینک بھی ملبے میں دب گئے ہیں۔ ترشولی کے ایسے ہی ایک بینک سے نیپال پولیس نے تقریباً۵۰؍ کروڑ کا سونا اور۱ء۵؍ کروڑ نیپالی روپے اور کئی اہم دستاویزات نکالے ہیں۔ نیپال پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک سے نکالے گئے لاکرز کو جے سی بی مشینوں کے ذریعہ لے جایا جا رہا ہے۔نیپال پولیس نے معاملے کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً۸؍گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد ’کرشی وکاس بینک‘ کی ترشولی ڈھونگے شاخ سے تقریباً۱ء۵؍ کروڑ روپے نقد، تقریباً۵۰؍کروڑ روپے کا سونا اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر پہنچائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک: ظہران ممدانی کے ہم شکلوں کا مقابلہ، ۹؍ امیدواروں میں ۱۰۰؍ ڈالر کیلئے مقابلہ
ویڈیو میں نیپال پولیس کے اہلکاروں کو بینک کے بیسمنٹ میں داخل ہونے کے لیے ملبہ ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سلسلے وار طریقے سے پورا واقعہ دکھایا گیا ہے۔ سب سے پہلے کرین کے ذریعہ ملبہ ہٹایا جاتا ہے۔ پھر بینک کے بیسمنٹ میں رکھے لاکرز کو ریسکیو آپریشن پر مامور اہلکاروں کے ذریعہ باہر لایا جا رہا ہے۔ ان لاکرز کو جے سی بی مشینوں پر رکھ کر دوسری جگہ لے جایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں نیپال پولیس کے اہلکار ان لاکرز کو چابیاں لگا کر کھولتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ روز نیپال میں رسوا اور اوپری علاقوں میں سے ایک بینک کی تجوری بہہ کر تریشولی ندی کے راستے دھاڈنگ پہنچ گئی تھی جہاں ۲۹؍افراد کو مبینہ طور پر تجوری توڑ کر اس میں موجود نقد رقم نکالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: سبتہ ہجرت بحران: پیڈرو سانچیز کا روس، اسرائیل پر ’جھوٹی خبریں‘ پھیلانے کا الزام
مسلح پولیس فورس اور نیپال پولیس کی مشترکہ گشتی ٹیم نے موقع پر ہی ان مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ الزام ہے کہ وہ تباہ شدہ تجوری سے پیسے نکال رہے تھے۔ افسران نے اس گروہ کے پاس سے ۹۲؍ لاکھ ۶۸؍ہزار۵۰۵؍روپے نقد برآمد کئے تھے اور۲۹؍افراد کو حراست لیا۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ نیپال پولیس نے سیلاب کے دوران نارائنی ندی میں بہہ کر آئی ایک خاتون کی لاش سے سونے کی بالیاں مبینہ طور پر چرانے کے الزام میں۲؍افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ پولیس نے۴۱؍ سیکنڈ کے ویڈیو کی بنیاد پر دونوں ملزموں کی شناخت کی۔