Updated: November 28, 2025, 10:08 PM IST
| New York
نیویارک سٹی کے منتخب میئر ظہران ممدانی اور دیگر سینئر عہدیداروں کیلئے تنخواہوں میں ۱۶؍ فیصد اضافے کی تجویز سٹی کونسل نے ایک نئے بل کے ذریعے پیش کی ہے۔ بل کی منظوری کی صورت میں کونسل ممبران کی تنخواہ ۱۷۲۵۰۰؍ ڈالر ہو جائے گی جبکہ ممدانی کی متوقع سالانہ تنخواہ تقریباً ۳؍ لاکھ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این
نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی، جو یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو اپنی سرکاری ذمہ داریاں سنبھالنے والے ہیں، اپنا عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی سٹی کونسل کی جانب سے ایک اہم تجویز کا سامنا کر رہے ہیں۔ نیویارک سٹی کونسل نے ایک نئے بل میں ممدانی سمیت شہر کے دیگر سینئر عہدیداروں کی تنخواہوں میں ۱۶؍ فیصد اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔ نیو یارک پوسٹ کے مطابق یہ بل کونسل وومن نانتاشا ولیمز نے پیش کیا، جسے کونسل کے ۳۲؍ اراکین کی حمایت حاصل ہے، جن میں ممدانی کے قریبی اتحادی کرسٹل ہڈسن، لنکن ریسلر اور چی اے اوسے بھی شامل ہیں۔ بل کے مطابق سٹی کونسل ممبران کی تنخواہ ۱۴۸۵۰۰؍ ڈالر سے بڑھا کر ۱۷۲۵۰۰؍ ڈالر ہو جائے گی۔ اگر یہ تجویز منظور ہوتی ہے تو اس کا فائدہ نئے میئر، پبلک ایڈوکیٹ، کمپٹرولر اور بورو صدور کو بھی ملے گا۔ واضح رہے کہ سٹی کونسل کے ارکان کی تنخواہوں میں آخری بار اضافہ ۲۰۱۶ء میں کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ایف ڈی اے کا برتنوں میں سیسہ کے استعمال پرانتباہ، ہندوستانی مصنوعات شامل
رپورٹ کے مطابق، بل کے نافذ ہونے کی صورت میں ظہران ممدانی کی سالانہ تنخواہ تقریباً ۳؍ لاکھ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جو موجودہ متوقع تنخواہ ۲؍ لاکھ ۵۸؍ ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔ فاکس نیوز کا کہنا ہے کہ قانون سازی آئندہ ہفتے پیش کی جائے گی، جبکہ اس پر سماعت سال کے آخر تک متوقع ہے۔ اس کے بعد نئی سٹی کونسل جنوری میں جلد ووٹنگ کے ذریعے اسے منظور یا مسترد کر سکے گی۔
کیا ممدانی اس بل کی منظوری دیں گے؟
ظہران ممدانی کا انتخابی ایجنڈا بنیادی طور پر قابل برداشت زندگی کے بحران کے حل کے گرد گھومتا ہے۔ وہ بس سفر مفت کرنے، کرایہ پر مستحکم اپارٹمنٹس میں کرایہ منجمد رکھنے، یونیورسل چائلڈ کیئر اور شہر میں کمیونٹی پر مبنی گروسری اسٹورز لانے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کم از کم اجرت کو ۲۰۳۰ء تک ۳۰؍ ڈالر فی گھنٹہ تک بڑھانے کی مہم بھی چلا چکے ہیں۔ ۲۰۲۲ء میں انہوں نے ریاستی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے ریاستی قانون سازوں کی تنخواہ میں اضافے کے حق میں بھی ووٹ دیا تھا۔ اسی لئے اس بل پر ان کا حتمی موقف ابھی واضح نہیں۔ فاکس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممدانی یا تو اسے ویٹو کر سکتے ہیں یا ’’نیویارک کو سیاسی طبقے کیلئے زیادہ قابل برداشت بنانے‘‘ کیلئے اس کی منظوری بھی دے سکتے ہیں۔