ناگپور میں منعقدہ پروگرام میں مرکزی وزیرنتن گڈکری نے کہا : کوئی بھی شخص اپنی خوبیوں سے بڑا ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: September 22, 2025, 4:18 PM IST | Ali Imran | Mumbai
ناگپور میں منعقدہ پروگرام میں مرکزی وزیرنتن گڈکری نے کہا : کوئی بھی شخص اپنی خوبیوں سے بڑا ہوتا ہے۔
مراٹھا، او بی سی اور بنجارہ ریزرویشن کے مسئلہ پر ریاست میں موجودہ سیاسی اور سماجی تنازع کے درمیان بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایک اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے ایک تقریب میں کہا کہ ’’میں اسے بھگوان کا سب سے بڑا احسان سمجھتا ہوں کہ برہمن برادری کو ریزرویشن نہیں دیا گیا۔‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ ’’کوئی شخص اس کی ذات کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کی کامیابیوں اور اس میں موجود خوبیوں کی وجہ سے عظیم بنتا ہے۔‘‘
وہ سنیچر کو ناگپور میں ’ہلباسماج مہاسنگھ ‘کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرا تعلق برہمن ذات سے ہے۔ اگر خدا نے ہم پر سب سے بڑا احسان کیا ہے تو وہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ریزرویشن نہیں ہے۔ مہاراشٹر میں برہمن زیادہ اہم نہیں ہیں لیکن اتر پردیش اور بہار میں برہمنوں کی بہت اہمیت ہے۔ جب میں وہاں جاتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ دوبے، ترپاٹھی مشرا، یہ برہمن برادری طاقتور ہے۔ جس طرح یہاں مراٹھا ذات اہم ہے اسی طرح وہاں برہمن برادری بھی اہم ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ میں ذات پات پر یقین نہیں رکھتا۔ کوئی بھی شخص ذات، عقیدے، مذہب یا جنس کی وجہ سے بڑا نہیں ہوتا بلکہ اس کی خوبیوں سے بڑاہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ ’’جن کے بچے سماج میں تعلیم یافتہ ہیں، انہیں معاشرے کی معاشی ترقی کیلئے سمت فراہم کرنی چاہئے۔‘‘ کچھ دن قبل نتن گڈکری نے ایک پروگرام میں حکومتی فیصلہ سازی کے عمل میں سیاستدانوں کی مداخلت پر تبصرہ کیا تھا کہ سب کو اچھا کام کرنا چاہئے۔ انہیں یقینی طور پر اس کا کریڈٹ ملتا ہے۔ تاہم سرکاری افسران پر دباؤ ہے کہ وہ سیاستدانوں کے قریبی ٹھیکیداروں اور معماروں کو کام دیں نہ کہ انہیں۔ نتن گڈکری نے کہا تھا کہ اس سے نکلنے کا راستہ ڈھونڈ کرمعیاری کام کیا جانا چاہئے۔