Inquilab Logo Happiest Places to Work

افسر پر کیچڑ پھینکنے کی پاداش میںنتیش رانے کو ایک ماہ کی سزا

Updated: April 28, 2026, 2:53 PM IST | Siraj Shaikh | Ratnagiri

۲۰۱۹ء کے ایک معاملے میں موجودہ وزیر برائے ماہی پروری پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

Nitish Rane.Photo:INN
نتیش رانے۔تصویر:آئی این این
سندھودرگ کی ضلعی عدالت نے پیرکو ۲۰۱۹ء کے ایک معاملے میں اپنا فیصلہ سنایا ہے جس میں موجودہ وزیر برائے ماہی پروری نتیش رانے پر الزام تھا کہ انہوں نے  ممبئی۔گوا ہائی وے کے انجینئر پرکاش شیڈیکر پر کیچڑ پھینک کر سرکاری کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ عدالت نے نتیش رانے اور ۲۹؍ دیگر افراد کو دفعہ ۵۰۴؍ (سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے) کے تحت  ایک ماہ کی قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
اصل معاملہ کیا ہے؟
۴؍ جولائی ۲۰۱۹ء کو جب نتیش رانے کانگریس میں تھے انہوں نے ایک احتجاج کے دوران ڈپٹی انجینئر پرکاش شیڈیکر پر کیچڑ اچھالا تھا جس پر ان کے خلاف معاملہ درج کیا گیا تھا اور   عدالت میں یہ کیس زیر سماعت تھا۔اب عدالت نے اس معاملے میں فیصلہ سنایا ہے۔  اس وقت  سندھو درگ ضلع کے کنکولی شہر کی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب تھی بھاری بارش کے سبب ممبئی گواہ شاہراہ  پر کیچڑ ہی کیچڑ  نظر آتا تھا۔جس کے سبب عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس وقت کے انجینئر شیڈیکر نے شکایت کی تھی کہ ان پر کیچڑ پھینکا گیا اور انہیں مارا پیٹا گیا اور جواب مانگا گیا۔ اس معاملے میں نتیش رانے کے خلاف دفعہ مختلف دفعات کے تحت  معاملہ درج کیا گیا تھا۔ ان میں سے تمام دفعات میں عدالت نے  نتیش رانے کو بری کر دیا ہے لیکن دفعہ ۵۰۴؍ کے تحت  انہیں عوامی مقام پر امن میںخلل ڈالنےاور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ماہ کی قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
 
 
نتیش رانے کی جانب سے سزا پر روک لگانے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ نتیش رانے کے وکیل سنگرام دیسائی نے بتایا کہ ہم جلد ہی ہائی کورٹ میں نظرثانی پٹیشن دائر کریں گے۔
 
 
یاد رہے کہ نتیش رانے سندھو درگ کے نگراں وزیر بھی ہیں اور آئے دن اپنے اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ دیویندر فرنویس حکومت اصل میں ہندوئوں کی حکومت ہے اس لئے پولیس ان کے خلاف کچھ نہیں کرے گی۔ فی الحال عدالت نے انہیں سزا سنائی ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس سزا سے بچ پاتے ہیں یا انہیں جیل جانا پڑتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK