• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوئیڈا سڑک حادثہ: یوپی حکومت کا ایس آئی ٹی کو ۵؍ دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم

Updated: January 19, 2026, 9:56 PM IST | Lucknow

نوئیڈا میں شدید دھند کے دوران پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ۲۷؍ سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل یوراج مہتا جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد اتر پردیش حکومت نے تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے اور نوئیڈا اتھاریٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ہٹا دیا۔

Software professional Yuvraj Mehta. Photo: INN
سافٹ ویئر پروفیشنل یوراج مہتا۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوئیڈا میں ۱۶؍ اور۱۷؍ جنوری کی درمیانی شب پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ۲۷؍ سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل یوراج مہتا کی ہلاکت کے معاملے میں سرکاری جانچ کے احکامات جاری کئے ہیں۔ واقعے کے اسباب کی تحقیق کیلئے تین سینئر افسران پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے، جسے پانچ دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس ایس آئی ٹی کی قیادت میرٹھ زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) کریں گے، جبکہ میرٹھ کے ڈویژنل کمشنر اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے چیف انجینئر بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ 
واقعے کے بعد ایک اہم انتظامی قدم اٹھاتے ہوئے اتر پردیش حکومت نے نوئیڈا اتھاریٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم لوکیش (۲۰۰۵ء بیچ کے آئی اے ایس افسر) کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ تاہم، حکام نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی برطرفی کا اس مہلک حادثے سے براہِ راست کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ یوراج مہتا اس وقت جاں بحق ہو گئے جب ان کی گاڑی نوئیڈا کے سیکٹر۱۵۰؍ میں سڑک کے کنارے موجود ایک گہرے اور پانی سے بھرے کھدائی کے گڑھے میں جا گری۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ پانی میں ڈوبنے سے دم گھٹنا (اینٹی مورٹم ڈراؤننگ) بنی، جس کے بعد دل کا دورہ پڑا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کیرالا اسکول کالوٹسوم ۲۶ء میں فلسطین سے یکجہتی کی فنکارانہ پیشکش نے دل جیت لئے

یوراج۱۶؍ جنوری کی رات دیر گئے گروگرام میں واقع اپنے دفتر سے کام ختم کر کے سیکٹر ۱۵۰؍میں واقع اپنی رہائش گاہ ٹاٹا یوریکا پارک لوٹ رہے تھے۔ شدید دھند کے باعث حد درجہ کم نظر آنے کی وجہ سے ان کی ماروتی سوزوکی گرینڈ وٹارا گاڑی بے قابو ہو گئی اور سڑک سے پھسل کر ایک گڑھے میں جا گری، جو ایک خالی پلاٹ میں موجود تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق گھنی دھند نے اس حادثے میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے کے باوجود یوراج کو بروقت بچایا نہ جا سکا۔ ایک عینی شاہد مونندر نے، جس نے مدد کی کوشش کی، بتایا کہ متاثرہ شخص تقریباً ایک گھنٹہ۴۵؍ منٹ تک ہوش میں رہا اور مسلسل مدد کیلئے پکارتا رہا۔ پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں یوراج کے والد نے الزام لگایا کہ مقامی باشندوں نے پہلے ہی نوئیڈا اتھاریٹی سے نالے کے قریب حفاظتی بیریکیڈز اور عکاس نشانات نصب کرنے کی اپیل کی تھی لیکن کوئی احتیاطی اقدام نہیں کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق گڑھے کی باؤنڈری وال کے کچھ حصے ٹوٹے ہوئے تھے، تاہم، یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا کہ گاڑی کیسے گڑھے میں گری اور مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی۔ حکام خراب حدِ نظر اور ممکنہ تیز رفتاری جیسے عوامل کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ اے سی پی ہیمنت اُپادھیائے نے بتایا کہ اندھیرے، شدید دھند اور پانی کی گہرائی کے باعث ریسکیو کارروائی شدید متاثر ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اضافی جانی نقصان کے خطرے کے پیش نظر افسران گڑھے میں اترنے میں محتاط تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK