خواتین و اطفال کی بہبود کے محکمہ کی وزیر آدیتی تٹکرے کےمطابق درخواست کے اندراج، جانچ پڑتال، منظوری اور فوائد کی تقسیم کے تمام عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے اور مطلوبہ دستاویزات کی تعداد کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 02, 2026, 4:36 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
خواتین و اطفال کی بہبود کے محکمہ کی وزیر آدیتی تٹکرے کےمطابق درخواست کے اندراج، جانچ پڑتال، منظوری اور فوائد کی تقسیم کے تمام عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے اور مطلوبہ دستاویزات کی تعداد کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔
غریب خاندان کو لڑکیوں کی پرورش کرنے میںمالی مدد فراہم کرنے ریاستی حکومت کی ’لیک لاڈکی اسکیم ‘کا فائدہ اٹھانے کیلئے درخواست گزاروں کو دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اب مہا ڈی بی ٹی ۲ء۰؍پورٹل کے ذریعے لیک لاڈکی اسکیم کیلئے براہ راست آن لائن درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔ درخواست کے اندراج، جانچ پڑتال، منظوری اور فوائد کی تقسیم کے تمام عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے اور مطلوبہ دستاویزات کی تعداد کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔ خواتین و اطفال کی بہبودکے محکمہ کی وزیر آدیتی تٹکرے نے اتوار کو ایکس پر پوسٹ کر کے یہ اطلاع دی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولت استفادہ کنندگان کو درخواست دینے میں درپیش مشکلات کو ختم کر دے گی، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں آنگن واڑی مراکز کام نہیں کر رہے ہیں۔ ریاست کے کسی بھی حصے سے اہل استفادہ کنندگان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں اور ان کی درخواست کی موجودہ صورتحال بھی پورٹل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
آدیتی تٹکرے نے مزید کہا کہ اسکیم کے تحت فائدہ کی رقم براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر( ڈی بی ٹی) طریقہ کے ذریعے مستفیدین کے بینک کھاتوں میں جمع کی جارہی ہے۔ اب تک۲؍ لاکھ۹۸؍ ہزار۶۹۵؍ مستفیدین اس اسکیم کا پہلا فائدہ حاصل کر چکے ہیں۔
انہوںنےکہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور لڑکیوں کا روشن مستقبل ہماری ترجیح ہے۔ ہماری یہ مسلسل کوشش ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری اسکیموں کو زیادہ شفاف، متحرک اور عام آدمی تک آسانی سے قابل رسائی بنایا جائے۔
ویب سائٹ
اسکیم کیلئے درج ذیل ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دی جاسکتی ہے:
mahadbt2.maharashtra.gov.in
اسکیم کی تفصیل
منترالیہ کے ذرائع کے مطابق لیک لاڈکی یوجنا مہاراشٹر حکومت کی ایک فلاحی اسکیم ہے جس کا مقصد لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا، ان کو بااختیار بنانا اور بالخصوص غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی پیدائش کے تئیں مثبت سوچ پیدا کرنا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نےیکم اپریل۲۰۲۳ء کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والی لڑکیوں کیلئے ’لیک لاڈکی یوجنا‘ شروع کی ہے۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد لڑکیوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
یہ اسکیم ایک لاکھ یا اس سے کم سالانہ آمدنی والے اہل خاندانوں پر لاگو ہوتی ہے، اور خاندان کی پہلی دو لڑکیوں کو اس اسکیم کا فائدہ دیا جاتا ہے۔
اسکیم کے تحت قابل ادائیگی تمام مالی امداد براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر( ڈی بی ٹی) طریقہ کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جاتی ہے۔
اسکیم کے فوائد
اس اسکیم کے تحت، مختلف عمر کے گروپوں اور بچیوں کے درج ذیل تعلیمی مراحل میں مالی امداد فراہم کی جاتی ہے:
۔ پیدائش کے وقت: ۵؍ ہزار روپے
۔ کلاس ایک میں داخلے پر:۶؍ ہزار روپے
۔ کلاس۶؍ میں داخلہ کے بعد:۷؍ ہزار روپے
۔ کلاس ۱۱؍ میں داخلے پر : ۸؍ ہزار روپے
۔ ۱۸؍سال مکمل ہونے پر: ۷۵؍ ہزار روپے