• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’فارم۔۶؍ میں ہیرپھیر کرنے والے افسران جیل جائیں گے‘‘

Updated: November 18, 2026, 12:39 PM IST | Agency | Lucknow

اکھلیش یادو کا انتباہ،کہا: سماجوادی پارٹی کے بوتھ انچارج اور پی ڈی اے پہریدار پوری طرح بیدار ہیں۔

Member of Parliament Awadhesh Prasad and Professor Ram Gopal Yadav with Akhilesh Yadav at an event. Photo: INN
اکھلیش یادو کے ساتھ ایک تقریب میں رکن پارلیمان اودھیش پرساد اور پروفیسررام گوپال یادو۔ تصویر: آئی این این

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ووٹر لسٹ میں نئے نام شامل کرنے کے معاملے میںبی جے پی پر سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فارم۔۶؍ کے ذریعے کسی بھی طرح کی گڑبڑی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایس پی کی حکومت آنے پر اس میں شامل بدعنوان افسران کو جیل بھجوایا جائے گا۔

اکھلیش یادو نے  اپنے ایک بیان میں الزام لگایا کہ بی جے پی یوپی میں اپنی ممکنہ شکست کو دیکھتے ہوئے خصوصی مہم چلا کر اے ایس ایس ڈی (ابسینٹ، شفٹڈ، ڈیتھ اور ڈپلیکیٹ) یعنی غیر حاضر، دوسری جگہ منتقل، فوت شدہ یا دہرے ناموں کی بنیاد پر فرضی ووٹروں کو شامل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کے بوتھ انچارج، پی ڈی اے پہریدار،  اعلان کردہ اور ممکنہ امیدواروں کے ساتھ ریاستی، ضلعی اور اسمبلی سطح کے عہدیدار، پارٹی کارکنان اور حامی ووٹر لسٹ میں شامل ہونے والے ہر نئے نام پر نظر رکھیں گے۔ پارٹی نے ایسا انتظام کیا ہے کہ عام شہری بھی اپنے پڑوس میں نئے شامل ہونے والے ووٹروں کے ناموں پر نظر رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھئے: یوگی کا ہندو ووٹروں کے نام حذف ہونے کا دعویٰ، چیف الیکٹورل آفیسر نے کی تردید

ایس پی صدر نے کہا کہ پارٹی ایک ایک نئے ووٹ کا حساب مانگے گی اور کسی بھی طرح کی بے ضابطگی سامنے آنے پر متعلقہ افسر کے خلاف ثبوتوں کے ساتھ ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ انہوں نے افسران پر بی جے پی کے دباؤ میں غیر قانونی طریقے سے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں قصورواروں کے خلاف محکمانہ کارروائی، برطرفی اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ جمہوری عمل میں گڑبڑی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا اور جیل بھیجا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں غیر قانونی جائیداد کا پتہ چلنے پر اسے بھی قانون کے تحت ضبط کرایا جانا چاہیے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ فارم۔۶؍ کے ذریعے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے عمل پر عوام اور پارٹی کارکنوں کی گہری نظر رہے گی۔ کسی بھی سطح پر بدعنوانی کے ثبوت ملنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔’جے آئین، جے ہندوستان‘ کے نعرے کے ساتھ انہوں نے عوام سے ووٹر لسٹ کی شفافیت برقرار رکھنے کیلئے چوکس رہنے کی اپیل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK