• Wed, 25 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل گاندھی کو عمر عبداللہ کی بھرپور حمایت

Updated: February 24, 2026, 10:25 AM IST | Agency | Srinagar

نیشنل کانفرنس لیڈر نےسوال کیا کہ کیا کوئی بتا سکتا ہے کہ راہل گاندھی نے اپنی ذمہ داریوں میں کہاں کوئی کمی چھوڑی ہے؟ سچ تو یہ ہے کہ انہوں نے حزبِ اختلاف کی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔

Jammu And Kashmir Chief Minister Omar Abdullah.Photo:INN
جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ۔ تصویر:آئی این این

  ایک ایسے وقت میں جبکہ حریف کیا حلیف، سبھی راہل گاندھی کو نشانہ بنارہے ہیں، انڈیا اتحاد کے ایک اہم رکن جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ان کی بھر پور حمایت کی ہے۔ انہوں نے ان تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد اوربکواس قرار دیا جو حزب اختلاف کی قیادت سے متعلق اٹھائے جارہے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے پیر کو واضح الفاظ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور قائد حزبِ اختلاف اپنے تمام فرائض بھرپور طریقے سے انجام دیئے ہیں،اس میں انہوں نے کوئی کور کسر باقی نہیں رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے مسلسل بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے اور اس سے سوال کیا ہے۔ 
گل مرگ میں منعقدہ ’کھیلو انڈیا ونٹر گیمز‘ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ قیادت کی تبدیلی کے حوالے سے جو دعوے میڈیا میں گردش کر رہے ہیں، وہ پوری طرح سےبے بنیاد ہیں کیونکہ انڈیا بلاک کی کسی بھی میٹنگ میں ایسا کوئی موضوع زیرِ بحث ہی نہیں آیا۔عمر عبداللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا اتحاد کے کچھ حلقے ممتا بنرجی کو اتحاد کی سربراہی کیلئے آگے بڑھا رہے ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ایسی کوئی بات نہ کسی اجلاس میں ہوئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ تجویز سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ سب کہاں سے آرہا ہے؟ اور یہ کس کے ذہن کی اختراع ہے؟ 

یہ بھی پڑھئے:یوگی کے سنگاپور دورے پر اکھلیش کاطنز، وہاں کے ’واٹر مینجمنٹ ‘ کا مطالعہ کرنے کا مشور ہ دیا

کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ایر کے اس بیان پر کہ قیادت کی ذمہ داری علاقائی جماعتوں کے سپرد کی جانی چاہئے، جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے، جس کا اظہار کرنا ان کا حق ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ قیادت سے متعلق فیصلہ صرف اور صرف ’انڈیا اتحاد‘ کے اجتماعی اتفاق ہی سے  ہوگا۔ اس میں قیاس آرائیوں کا کوئی دخل نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:برطانیہ: ایک ہزار سے زائد کونسلرز کا فلسطینی حقوق کی حمایت کا عہد

راہل گاندھی کی کارکردگی پر سوال اٹھانے والوں کو جواب دیتے ہوئے عمرعبداللہ نے کہا کہ کیاکوئی بتا سکتا ہے کہ راہل گاندھی نے اپنی ذمہ داریوں میں کہاں کون سی کمی چھوڑی ہے؟ اگر کسی کو کچھ معلوم ہو تو سامنے آئے اور دنیا کو بتائے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی ہر محاذ پر حکومت اور بی جے پی کو للکارتے رہے ہیں، پارلیمنٹ سے لے کر عوامی میدان تک ہر جگہ انہوں نے حزبِ اختلاف کی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی تو اپوزیشن لیڈر کا کام ہے ، حکومت کو جواب دہ بنانا۔ آپ راہل گاندھی سے مزید کیا چاہتے ہیں؟ عمرعبداللہ نے مزید کہا کہ اگرچہ سیاسی جماعتوں کو کبھی انتخابی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اس سے اس کردار کی اہمیت کم نہیں ہوتی، جو حزبِ اختلاف کا اتحاد ملک میں جمہوری توازن برقرار رکھنے کیلئے ادا کرتا ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب بھی انڈیا بلاک قیادت کے معاملے پر غور کرے گا، وہ اجتماعی فیصلہ ہوگا اور اس وقت تک اس بارے میں کوئی بحث غیر ضروری اور قبل از وقت ہے۔ اسی درمیان تلنگانہ کے نائب وزیراعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے شدید مسائل کا حل صرف راہل گاندھی کے وزیر اعظم بننے میں ہی مضمر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK