ممبرا میں ۴۷؍ سال سے نکالے جارہے جلوسِ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر مولانا سید معین الدین اشرف اور دیگر علماء کا خصوصی پیغام۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 4:34 PM IST | Inquilab News Network | Mumbra
ممبرا میں ۴۷؍ سال سے نکالے جارہے جلوسِ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر مولانا سید معین الدین اشرف اور دیگر علماء کا خصوصی پیغام۔
یہاں تاریخی جلوسِ عید میلادالنبیؐ کی قیادت کرتے ہوئے مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے یہ پیغام دیا کہ آج معاشرے کو عشق رسول ؐکے ساتھ کردار مصطفیٰ ؐ اپنانے کی ضرورت ہے۔ واضح ہوکہ ممبرا میں ۴۷؍ سال سے اپنی روایت کے مطابق عیدمیلادالنبیؐ کا جلوس نکل رہاہے۔ جلوس کے آغاز سے ہی حضور شہید راہ مدینہ مثنیٰ میاں کی اس کی سرپرستی کرتے رہے۔ ان کے وصال کے بعد ان کے صاحبزادے مولانا سید معین الدین اشرف اشرفی اس کی قیادت کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : سڑک کے گڑھوں کیخلاف این سی پی کا انوکھا احتجاج
عید میلاد کے جلوس کے آغاز سے قبل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ حضورؐ کی سیرت ہم سب کے لئے اور ہماری نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ عید میلا دالنبیؐ کے موقع پر جلوس اور جلسہ کا مقصد حضورؐ کی تعلیمات کو عام کرنا اور یہ بتانا ہے کہ آپؐ کی ذات گرامی پوری دنیا کیلئے امن و شانتی کا باعث ہے۔ آج ہم سب ایک ایسی عظیم ہستی کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں جمع ہیں، جن کے آنے سے دنیا والوں کو ایمان کی روشنی ملی، جن کی آمد سے انسانیت کو عزت ملی، جنہوں نے ظلم کے اندھیروں کو مٹایا اور محبت، اخوت، عدل و انصاف کا پیغام عام فرمایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپؐ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔
یہ بھی پڑھئے: مختلف علاقوں میں جلوسِ عید میلادالنبیؐ جوش وخروش سےنکالا گیا
معین میاں نے اس پر زور دیا کہ آج ہمارے معاشرے کو محبت ِ رسولؐ کے ساتھ کردارِ رسولؐ اپنانے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ قوم کا مستقبل ہیں، اپنے وقت کی قدر کریں، بری صحبت، نشہ، بے حیائی اور فضول مشاغل سے اپنے آپ کو بچائیں۔ قرآن سے تعلق قائم کریں، نماز کی پابندی کریں، والدین کی خدمت کریں اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں۔ حضور اکرمؐ کی سیرت آپ کیلئے کامیابی کا بہترین راستہ ہے۔ عید میلادالنبیؐ کے موقع پرہم سبھوں کو عہد کرنا چاہئے کہ ہم غریبوں اور ضرورتمندوں کی مدد کریں گے۔ ہم اپنے بچوں کو سیرتِ مصطفیٰ سے روشناس کرائیں گے اور سنتوں کا اتباع کریں گے۔
مولانا محفوظ الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہم حضورؐ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں تو ہماری زبان سچی ہونی چاہئے۔ ہمارے معاملات صاف ہونے چاہئیں، ہمارے اخلاق اچھے ہونے چاہئیں ۔ اگر کسی کے گھر میں فاقہ ہو اور ہم صرف چراغاں دیکھ کر خوش ہورہے ہوں تو ہمیں اپنے دل سے سوال کرنا چاہئے کہ کیا ہم نے اپنے محبوب کی تعلیمات کو صحیح طور پر سمجھا ہے؟
جلسہ میں مولانا الطاف حسین، مولانا توکیل احمد شمسی، مولانا محمد نسیم، خالد اشرفی، معین اشرفی اور دیگر علماء، ائمہ اور عوام الناس موجود تھے۔