پیٹرولیم اور نیچرل گیس منسٹری نے ۲؍ ماہ قبل ایران ، امریکہ اور اسرائیل کے مابین جنگ کے سبب پیدا گیس کی قلت پر ایک فرمان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت دی تھی۔
پی این جی کنکشن۔ تصویر:آئی این این
پیٹرولیم اور نیچرل گیس منسٹری نے ۲؍ ماہ قبل ایران ، امریکہ اور اسرائیل کے مابین جنگ کے سبب پیدا گیس کی قلت پر ایک فرمان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ تین ماہ میں پائپ لائن کے ذریعہ سپلائی کی جانے والی پی این جی گیس کا کنکشن لے لیں ۔ پیٹرولیم منسٹری نے پی این جی پائپ لائن گیس نہ لینے کی صورت میں ایل پی جی گیس سروس بند کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔ وہیں دوسری طرف شہر اور مضافات کے اکثر و بیشتر علاقوں میں پی این جی پائپ لائن بچھائی ہی نہیں گئی ہے جس کی وجہ سے شہری چاہ کر بھی پی این جی سروس سے محروم ہیں۔
مہانگر گیس لمیٹیڈ نے اس معاملے میں کہا کہ پائپ لائن کی غیر موجودگی کے سبب ہم فی الحال پی این جی سروس دینے سے قاصر ہیں ۔ میگا پائپ نیچرل گیس ( پی این جی )کی سروس فراہم کرنے والے ادارے مہانگر گیس لمیٹیڈ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق شہر اور مضافات میں چھوٹی عمارتوں ، چالیوں میں رہنے والے اکثر و بیشتر مکینوں کی جانب سے انہیں پی این جی گیس سروس فراہم کرنے کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں ، لیکن بی ایم سی ، ایم ایم آر ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکمہ کی جانب سے شہر کے اکثر علاقوں میں پی این جی سروس فراہم کرنے کی پائپ لائن نصب کرنے میں ناکامی کے سبب سروس فراہم نہیں کی جارہی ہے۔
سنیچر کو اس سلسلہ میں سائن کی ایک پبلک اسکول میں مہا نگر گیس لمیٹیڈ نے پی این جی گیس سروس حاصل کرنے کے لئے ایک کیمپ لگایا تھا ۔ اس میں ۱۰۰؍افراد نے درخواست دی تھی ان میں ۹۰؍ فیصد مکین شہر اور مضافات کی ان بلڈنگوں میں رہتے ہیں جہاں پی این جی پائپ لائن بچھائی نہیں گئی ہے ۔متعلقہ محکمہ کے ایک افسر کے بقول پی این جی پائپ لائن نہ بچھائے جانے اور درخواست کے موصول ہونے کے باوجود مہاراشٹر گیس لمیٹیڈ سروس فراہم کرنے سے قاصر ہے اور اس سلسلہ میں ایجنسی نے پیٹرولیم منسٹری کو ایک مکتوب کے ذریعہ مذکورہ مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے ۔