شہرکا بڑا حصہ خالی ہوگیا۔ مجموعی طور پر ۶؍ہزار ٹرینیں چلائی گئیں۔ویسٹرن اورسینٹرل ریلوے انتظامیہ نے اپنی پیٹھ توتھپتھپائی مگر مسافروں کی حالتِ زارپرخاموشی اختیار کی۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 8:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
شہرکا بڑا حصہ خالی ہوگیا۔ مجموعی طور پر ۶؍ہزار ٹرینیں چلائی گئیں۔ویسٹرن اورسینٹرل ریلوے انتظامیہ نے اپنی پیٹھ توتھپتھپائی مگر مسافروں کی حالتِ زارپرخاموشی اختیار کی۔
ممبئی سے۱۳؍دن میںدیوالی اورچھٹھ تہواروں میں ایک کروڑ ۴۰؍ لاکھ سے زائد مسافرآبائی وطن روانہ ہوئے ۔ شہرکا بڑا حصہ خالی ہوگیا۔ مجموعی طور پر ۶؍ہزار ٹرینیں چلائی گئیں۔ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ نے بہتر انتظامات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی پیٹھ توتھپتھپائی مگر مسافروں کی حالتِ زار پر خاموشی اختیار کی ۔
ریلوے کی جانب سےیہ سب کیوں نہیں بتایا گیا ؟
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ دو ماہ قبل ریزرویشن حاصل کرنے کےباوجود مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سے سفر کرنے پر کیوں مجبور ہوئے؟یہ صورتحال کیوں پیدا ہوئی کہ ریزرویشن ڈبے میں سفر کرنے والے مسافروں کا بے تحاشہ بھیڑبھاڑ کے سبب استنجا خانہ تک پہنچنا دشوار تھا؟ یہ بھی نہیںبتایا گیا کہ آخر پریمیم تتکال کے نام پر ایک ایک ٹکٹ ۹؍ ہزار روپے سے زائدقیمت پرکیوں بیچا گیا اوریوپی اور بہار جانے والے مسافر اتنا مہنگا ٹکٹ خریدنے پرمجبور ہوئے ۔یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ جنرل ڈبے میں اور اَن ریزرو ٹرینوں میں ۳۶ ؍اور ۴۰؍گھنٹے بلکہ ۴۵؍ گھنٹے طویل سفر کرکے کس طرح مسافر اپنی منزل تک پہنچے ۔ یہ بھی نہیںبتایاگیاکہ زائدبھیڑبھاڑ کا حوالہ دے کر یکم تا ۱۵؍نومبر پلیٹ فارم ٹکٹ کی فروخت کیوں روکی گئی؟ صرف اس بات پر زور صرف کیا جارہا ہےکہ بہتر انتظامات اورنگرانی کےسبب کوئی حادثہ نہیںہوا اورنہ ہی اس دفعہ بھگدڑ مچی۔ یہ صحیح ہے مگر مسافروں کی مذکورہ بالا پریشانی اوران کا صعوبت بھرا سفر کب آسان ہوسکے گا؟
سینٹرل ریلوے میں۷۰؍لاکھ سے زائدمسافر گئے
سینٹرل ریلوےکے ایک سینئرافسر سے استفسار کرنے پر ان کا کہنا تھاکہ ’’ تہواروں کے سیزن میں ایک ٹرین میںتقریباًڈھائی ہزار مسافر سفر کرتے ہیں ۔ دیوالی اورچھٹھ کے دوران ۱۳؍ دنوں میں ریگولر ٹرینوں کے علاوہ ممبئی سے ۳۰۰؍ سے زائد تہوار اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں ۔اس سے مجموعی طور پرریگولر ،اسپیشل اوراَن ریزورٹرینوں کےذریعے سی ایس ایم ٹی ،دادر، ایل ٹی ٹی اورپنویل سے مجموعی طور پر ۷۰؍ لاکھ سے زائد مسافر روانہ ہوئے اور اس کے لئے ۳؍ہزار سے زائد ٹرینیں چلائی گئیں۔ ‘‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ بھیڑبھاڑ اور ڈبوں میں مسافروں کے ٹھنسے ہونے سےبھی انکار نہیں مگر سب سے اہم یہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا گیا جس سے وہ اپنوں میںدیوالی اورچھٹھ کا تہوار مناسکے اوراس سے بھی زیادہ اہم یہ کہ کوئی حادثہ نہیںہوا ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہربچے کو خواب دیکھنے، پورا کرنے کا موقع ملے: سچن تینڈولکر کا یومِ اطفال پر پیغام
ویسٹرن ریلوے ممبئی ڈویژن سے ۷۲؍ لاکھ مسافر روانہ ہوئے
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک سے استفسار کرنے پر انہوں نےبتایا کہ ’’ ۱۳؍ دن میں ممبئی ڈویژن میں دادر، باندرہ ٹرمنس، بوریولی، سورت اور اُدھنا سے بحفاظت ۷۲؍ لاکھ مسافر دیوالی اور چھٹھ میں اپنے آبائی وطن روانہ ہوئے ۔ یہ تعداد گزشتہ سال تہواروں کے اِس سیزن کے مقابلے ۲؍ لاکھ زائد ہے۔یہ مسافر تین ہزار سے زائد ٹرینوں کے ذریعے روانہ کئے گئے۔ ان میںتہوار اسپیشل ، ریگولر اوراَن ریزرو ٹرینیں شامل ہیں ۔‘‘