Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپریشن سندور کے بعد سے۲۰۰۰؍ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کوبنگلہ دیش بھیجا گیا

Updated: June 02, 2025, 10:01 PM IST | New Delhi

آپریشن سندور کے بعد بی ایس ایف کی اس آپریشن کے تحت گزشتہ چند ماہ میں ۲؍ ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو بنگلہ دیش واپس بھیج دیا گیا ہے۔

India-Bangladesh border. Photo: INN.
ہندوستان اور بنگلہ دیش کابارڈر۔ تصویر: آئی این این۔

بارڈرسیکوریٹی فورس (بی ایس ایف) نے بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد پر غیر قانونی دراندازی کو روکنے کیلئے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس میں ’’آپریشن سندور‘‘کے بعد سےتیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ بی ایس ایف کی اس آپریشن کے تحت گزشتہ چند ماہ میں ۲؍ ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو بنگلہ دیش واپس بھیج دیا گیا ہے۔ بی ایس ایف حکام کے مطابق یہ کارروائی سرحدی علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے شروع کی گئی ہے۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد سرحد پار سے غیر قانونی آمدورفت کو روکنا اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنا ہے۔ 
اس آپریشن کے تحت بی ایس ایف نے جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے نظام کو استعمال کیا ہے جس میں ڈرونز، تھرمل ایمیجنگ کیمرے اور رات کے وقت نگرانی کے آلات شامل ہیں۔ سرحدی علاقوں میں گشت کو بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے، خاص طور پر ان مقامات پر جہاں غیر قانونی دراندازی کے واقعات زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ آپریشن نہ صرف غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کیلئے ہے بلکہ سرحد پار سے منشیات اور اسلحہ کی اسمگلنگ کو بھی کنٹرول کرنے کیلئے اہم ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آپریشن سیندور دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی کارروائی تھی : مودی

بنگلہ دیش کے ساتھ ہندوستان کی سرحد، جو تقریباً۴۰۹۶؍ کلومیٹر طویل ہے، کئی مقامات پر گنجان جنگلات، دریاؤں اور دلدلی علاقوں سے گزرتی ہےجو غیر قانونی دراندازی کیلئے آسان راستے فراہم کرتی ہے۔ بی ایس ایف نے ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مقامی پولیس اور دیگر سیکویرٹی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون بڑھایا ہے۔ اس کے علاوہ، سرحدی دیہاتوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کیلئے ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ مقامی سطح پر تعاون حاصل کیا جا سکے۔ 
حکام کے مطابق، آپریشن سندور کے بعد شروع کئے گئے اس آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے غیر قانونی تارکین وطن میں زیادہ تر وہ افراد شامل ہیں جو معاشی مواقع کی تلاش میں ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔ تاہم، کچھ معاملات میں گرفتار افراد کے روابط مشتبہ دہشت گرد گروہوں اور اسمگلنگ نیٹ ورکس سے بھی جوڑے گئے ہیں۔ بی ایس ایف نے واضح کیا کہ غیر قانونی دراندازی کے خلاف یہ کارروائی انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق کی جا رہی ہے اور واپس بھیجے جانے والے افراد کو بنگلہ دیشی حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ بی ایس ایف نے کہا کہ سرحدی س سیکوریٹی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی جائیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK