ایم آئی ایم سربراہ کی نوجوانوں کو حضرت محمد ؐ کے پیغامات کو دلوں میں اتار لینے کی تلقین، مسلمانوں سے اتحاد کی اپیل۔
EPAPER
Updated: October 01, 2025, 5:06 PM IST | Agency | Kolhapur
ایم آئی ایم سربراہ کی نوجوانوں کو حضرت محمد ؐ کے پیغامات کو دلوں میں اتار لینے کی تلقین، مسلمانوں سے اتحاد کی اپیل۔
آپ صرف حضرت محمد ؐ کے نام کی تختیاںلے کر سڑکوں پر نہ گھومیں بلکہ آپؐ کی تعلیمات کو اپنے اندر اتار لیجئے۔ آپؐ کے نام کو سڑکوں پر نہ لگائیں بلکہ اسے اپنے دل میں بسالیں۔ یہ کہنا تھا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی کا جو کہ پیر کی رات کولہاپور میںایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ ہندوتوا وادی تنظیموں نے اسدالدین اویسی کی ریلی اور ایم آئی ایم کے نئے دفتر کے افتتاح کی مخالفت کی تھی۔ اویسی نے دفتر کا افتتاح تو منسوخ کر دیا لیکن اچل کرنجی میں ریلی سے خطاب کیا۔
اویسی نے ایک بار پھر اپنے مخصوص انداز میں مسلمانوں سے متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا یہ مسلمانوں کیلئے چوکنا رہنے کا وقت ہے۔ آپ متحد ہو جائیے۔ مہاراشٹر میں امتیاز جلیل کی ابھرتی ہوئی قیادت کو ختم کرنے کیلئے شرد پوار، ایکناتھ شندے، فرنویس، اجیت پوار اور ٹھاکرے سب کے سب متحد ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا’’ آپ اگر ان نام نہاد سیکولر پارٹیوں کو ووٹ دیتے ہیں تو آپ ان سے کوئی سوال نہیں کر سکتے۔ منوج جرنگے پاٹل کو دیکھ لیجئے کہ کس طرح کی بھوک ہڑتال کے وقت ساری پارٹیوں کے لیڈران ان سے ملنے پہنچے تھے۔ ایسا اس لئے تھا کہ ان کی پوری قوم متحد ہو کر ان کے ساتھ کھڑی تھی۔ ‘‘ اسدالدین اویسی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ آپ بھی متحد ہو جائیں اور مل کر نریندر مودی اور امیت شاہ کو ہرائیں۔
آئی لو محمد ؐ پر نوجوانوں کو تلقین
’آئی لو محمد ؐ ‘نعرے کا تذکرہ کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ’’ہم حضرت محمد ؐ کا نام لیں اور نشے کی عادت کو ترک نہ کریں، گٹھکا بھی کھاتے رہیں، برائیوں سے دور نہ رہیں یہ نہیں ہو سکتا۔ ہمیں آپؐ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اتارنا ہوگا۔‘‘ انہوں نے کولہاپور میں ان کی ریلی کے انعقاد کی مخالفت کرنے والے ہندوتوا وادیوں سے کہا کہ ’’ ابھی تم بچے ہو، میں وہ آدمی ہوں جو پاکستان جاکر پاکستانیوں کے خلاف بول چکا ہوں، میں تمہارے باپ سے لڑ چکا ہوں۔ تم کیا مجھے روکوگے؟‘‘ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ پر الزام لگایا کہ وہ مسلمانوں کے دشمن ہیں۔