Inquilab Logo Happiest Places to Work

پامپلونا، اسپین: ’’آزاد فلسطین، فلسطین زندہ باد‘‘ کے نعروں کے ساتھ سان فرمین فیسٹیول کا آغاز

Updated: July 07, 2025, 7:00 PM IST | Pamplona

۶؍ جولائی کو اسپین کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے پامپلونا میں ملک کے سب سے بڑے تہوار کا آغاز ’’آزاد فلسطین اور فلسطین زندہ باد‘‘ کے نعروں سے ہوا۔ ۹؍ روزہ فیسٹیول میں فلسطینی کاز کو عالمی سطح پر پہنچانے کا عزم۔

A scene of solidarity with Palestine at the San Fermin Festival. Photo: X
سان فرمین فیسٹیول میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ایک منظر۔ تصویر: ایکس

اسپین کا مشہور ترین جشن ’’سان فرمین فیسٹیول‘‘ اتوار کو فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے بے مثال مظاہرے کے ساتھ شروع ہوا۔ باقاعدہ آغاز سے قبل ہی پامپلونا کی سڑکیںہزاروں افراد کے ہجوم سے بھر گئیں۔ روایتی راکٹ ’’چوپینازو‘‘ ’’فلسطین زندہ باد‘‘ کے نعروں کے درمیان لانچ کیا گیا۔ ہسپانوی میڈیا کے مطابق اس سال کی افتتاحی تقریب کی قیادت ڈینا خراٹ، لڈن سوریانو، اور یالا نفرروا کے ایڈورڈو ایبیرو نے کی۔ مقدس راکٹ کو چھوڑنے سے پہلے ووٹنگ کی جاتی ہے کہ اسے کس کے اعزاز میں روشن کیا جائے گا۔ امسال سب سے زیادہ ووٹنگ ’’نسل کشی اور قبضے کے خلاف اور آزاد فلسطین‘‘ کو ملی اور راکٹ کو روشن کیا گیا۔ راکٹ کو جلاتے ہی انگریزی اور ہسپانوی زبان میں نعرے لگائے گئے ’’فلسطین زندہ باد، آزاد فلسطین‘‘۔ 

پامپلونا اسکوائر جوش اور خوشیوں سے گونج اٹھا، اور پھر ہزاروں لوگوں نے اپنے سرخ رومال ہوا میں لہرائے۔پامپلونا کے میئر جوزیبا اسیرون نے اس لمحے کو ایک طاقتور یاد دہانی کے طور پر بیان کیا کہ "پامپلونا، سال کے سب سے بہترین وقت میں بھی یہ نہیں بھولتا کہ دنیا کے دیگر حصوں میں حقیقی نسل کشی ہو رہی ہے۔‘‘ یورونیوز نے اطلاع دی ہے کہ پورے شہر میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی نظر آ رہی ہے۔ بالکونیوں سے لپٹے ہوئے جھنڈوں اور بینرز پر ’’نسل کشی بند کرو‘‘ جیسے پیغامات تھے اور اسی طرح کے نعروں والے بڑے غبارے بھیڑ کے اوپر لہرارہے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل ہٹ دھرمی پر قائم، حماس کی ترامیم قبول کرنے سے انکار

محتاط اندازے کے مطابق ۲۵؍ ہزار حاضرین میں سے، جن میں غیرملکی بھی تھے، نے گردن پر سرخ رومال کے ساتھ روایتی سفید لباس پہنا ہوا تھا۔خیال رہے کہ سان فرمین خاص طور پر بیلوں کی لڑائی اور بیلوں کی دوڑ کیلئے مشہور ہے جو فیسٹیول کے ۹؍ دنوں میں ہر صبح منعقد کی جائے گی۔ ۹؍ روزہ فیسٹیول میں مختلف طریقوں سے فلسطینی کاز کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔ ۶؍ جولائی سے ۱۴؍ جولائی، علاقے کی ہوٹلیں ۸۳؍ فیصد تک بھر جاتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تہوار عالمی سطح پر کتنا مشہور ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK