Inquilab Logo Happiest Places to Work

پربھنی : ۲؍ نوجوانوں کی حاضر دماغی سے بچے کی جان بچ گئی

Updated: July 03, 2026, 12:23 PM IST | Z A Khan | Parbhani

شہر میں موسلا دھار بارش کے دوران پیش آنے والے ایک سنسنی خیز واقعے میں ۲؍نوجوانوں نے غیر معمولی حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بچے کی جان بچالی۔

Parbhani.Photo;INN
پربھنی۔ تصویر:آئی این این

شہر میں موسلا دھار بارش کے دوران پیش آنے والے ایک سنسنی خیز واقعے میں ۲؍نوجوانوں نے غیر معمولی حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کمسن بچے کی جان بچالی۔ تیز بہاؤ کے باعث سڑک پر موجود گہرے گڑھے کا اندازہ نہ ہونے سے سائیکل پر جا رہا بچہ اچانک گڑھے میں جا گرا، تاہم قریب میں موجود دو نوجوانوں نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر گڑھے میں اتر کر اسے بحفاظت باہر نکال لیا۔

یہ بھی پڑھئے:ابھیشیک شرما نے ٹی۔۲۰؍ میں سکسرز کی سنچری مکمل کی

یہ پورا واقعہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔یہ واقعہ پر بھنی شہر کے گنگاکھیڑ روڈ پر واقع شانتی نکیتن کالونی کے قریب پیش آیا۔ پیر کی دوپہر شہر میں تقریباً آدھے سے ایک گھنٹے تک موسلا دھار بارش ہوئی۔ چونکہ گنگاکھیڑ روڈ نشیبی علاقے میں واقع ہے، اس لیے شہر کے مختلف حصوں کا بارش کا پانی تیز رفتاری سے اسی سڑک پر بہہ رہا تھا۔شانتی نکیتن کالونی کے داخلی راستے کے قریب سڑک پر ایک بڑا گڑھا ہے، جس میں پائپ تو ڈال دیا گیا ہے، لیکن مقامی شہریوں کے مطابق یہ گڑھا کئی دنوں سے کھلا پڑا ہے۔ بارش کے پانی نے اسے مکمل طور پر ڈھانپ لیا تھا، جس کے باعث سائیکل پر گزرنے والے ایک کمسن بچے کو اس کا اندازہ نہ ہوسکا اور وہ سائیکل سمیت سیدھا گڑھے میں جا گرا۔حادثہ پیش آتے ہی وہاں موجودسوپنِل کدم اوروجئے گھوڑے نے فوری طور پر موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے دوڑ لگا دی۔ دونوں نوجوان بغیر کسی تاخیر کے تقریباً پانچ سے چھ فٹ گہرے گڑھے میں اترے اور اس میں پھنسے بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہونے کے باوجود دونوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر جس جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، اس کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان نے شریاس تلپڑے کو اپنا گھر خریدنے میں مدد فراہم کی تھی

مقامی افراد کے مطابق اگر چند لمحوں کی بھی تاخیر ہوجاتی تو بچے کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔یہ سارا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ ویڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ اچانک پانی کے نیچے چھپے گڑھے میں گر جاتا ہے اور پھر دونوں نوجوان فوراً دوڑ کر اسے باہر نکالتے ہیں۔ سوشل میڈیا پرسوپنِل کدم اور وجئے گھوڑے کی بہادری اور بروقت اقدام کی ستائش کی جا رہی ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شانتی نکیتن کالونی کے اطراف بارش کے موسم میں پانی جمع ہونے اور تیز بہاؤ کا مسئلہ کئی برسوں سے برقرار ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ سڑک پر موجود اس کھلے گڑھے کے بارے میں متعدد مرتبہ میونسپل کارپوریشن کو تحریری شکایات اور درخواستیں دی جاچکی ہیں، مگر اب تک کوئی مستقل انتظام نہیں کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد شہریوں نے میونسپل انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK