ہوائی اڈے پر ۱۰؍ سالہ بچے کو تنہاچھوڑ کر والدین چھٹی منانے کیلئے روانہ ہو گئے، جانے سے قبل انہوں نے ایک رشتہ دار کو فون کرکے بچے کو لے جانے کہا تھا۔
EPAPER
Updated: August 03, 2025, 6:03 PM IST | Barcelona
ہوائی اڈے پر ۱۰؍ سالہ بچے کو تنہاچھوڑ کر والدین چھٹی منانے کیلئے روانہ ہو گئے، جانے سے قبل انہوں نے ایک رشتہ دار کو فون کرکے بچے کو لے جانے کہا تھا۔
بارسیلونا ہوائی اڈے پر ایک جوڑے پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے۱۰؍ سالہ بیٹے کو اس وقت تنہا چھوڑ دیا جب انہیں پتہ چلا کہ بچے کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہو چکی تھی، وہ اپنی پرواز چھوڑنا نہیں چاہتے تھے لہٰذا بچے کو پیچھے چھوڑ کر خود چھٹی گزارنے چلے گئے۔ یہ واقعہ اسپین کے ہوائی اڈے پر فضائی آپریشنز کوآرڈینیٹر لِلِیان کے شیئر کردہ ایک وائرل ٹک ٹاک ویڈیو میں سامنے آیا۔ نیو یارک پوسٹ کے مطابق، لِلِیان کی ویڈیو۳؍ لاکھ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے، جس نے والدین کے فعل پر شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بلو اوریجن کا نیو شیپرڈ مشن چھ مسافروں کے ساتھ آج شام روانہ ہوگا
لِلِیان کا کہنا تھا کہ جوڑے نے بچے کو لینے کے لیے کسی رشتہ دار کو بلا لیا تاکہ وہ اپنی چھٹیاں منا سکیں۔ انہوں نے ہوائی اڈے کے عملے کو بتایاکہ ’’وہ اپنے ٹکٹ ضائع نہیں کرنا چاہتے تھے۔‘‘ حکام نے ٹرمینل میں بچےکو تنہا پایا۔ رپورٹ کے مطابق، بچے نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والدین پہلے ہی جہاز میں سوار ہو کر نکل چکے ہیں۔لِلِیان نے وضاحت کی کہ’’بچے کے اسپین کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہوچکی تھی اور اس کے پاس ضروری ویزا بھی نہیں تھا۔ اسی وجہ سے والدین نے اسے ٹرمینل میں چھوڑ دیا اور کسی رشتہ دار کو اسے لینے کے لیے بلایا۔ انہوں نے اس لمحے کو ’’مکمل طور پر ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور پولیس دونوں اس صورتحال سے دنگ رہ گئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’میں فضائی ٹریفک کنٹرولر ہوں، میں نے بہت کچھ دیکھا ہے لیکن یہ بالکل ناقابلِ یقین تھا۔ میں اپنے بچے کو اس طرح چھوڑ کر نہیں جا سکتی۔‘‘
ذرائع کے مطابق، ہوائی اڈے کی پولیس نے جوڑے کا سامان جہاز سے اتار لیا اور ان سے تفتیش کی۔ واقعے کے سلسلے میں کسی کی گرفتاری ہوئی ہے یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ نیو یارک پوسٹ کے مطابق، یہ واقعہ ہوائی اڈوں پر بچوں کو چھوڑ دینے کی پچھلی وارداتوں سے ملتا جلتا ہے جن میں ۲۰۱۸ءکا جرمنی کے شہر اسٹٹگارٹ ہوائی اڈے پر ایک جوڑے کا اپنے ۵؍ سالہ بچے کو چھوڑ دینا بھی شامل ہے۔ اس سے قبل نیو جرسی میں ایک چھوٹا بچہ سامان کے کنوئیر بیلٹ پر جا پھنسا تھا۔