Inquilab Logo

ملک کو آگے لے جانے کیلئے تقسیم ختم کرنا ہوگی: آصف علی زرداری

Updated: April 19, 2024, 12:08 PM IST | Agency | Islamabad

پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کا خطاب،ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کی ضرورت پر زور۔

President of Pakistan Asif Ali Zardari. Photo: INN
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے تقسیم ختم کرنی ہوگی، ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی ضرورت ہے اور سیاسی ماحول کی ازسرِ نو ترتیب ضروری ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر تمام ممبران کو انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر اعظم، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انتخابی کامیابیوں اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ 
 آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی میں بطور صدر میرے اہم فیصلوں نے تاریخ رقم کی، بطور صدر میں نے پارلیمنٹ کو اپنے اختیارات دینے کا انتخاب کیا، آج ہمارے ملک کو دانشمندی اور پختگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اراکین پارلیمنٹ اختیارات کا دانشمندی سے استعمال کریں گے، صدر کا کردار ایک متفقہ اور مضبوط وفاق کے اتحاد کی علامت ہے، تمام لوگوں اور صوبوں کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے میں آج ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا وقت ہے، آج کے دن کو ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھیں، اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کرنے اور عوامی ضروریات پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کو سلامتی کونسل کی رکنیت ملنے کے امکان مزید روشن

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی کی راہیں کھولنی ہوں گی، ہمارے پاس ضائع کرنے کیلئے وقت نہیں ہے، پولرائزیشن سے ہٹ کر عصر حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے، اس ایوان کو پارلیمانی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، ایوان کے ذریعے ملک کی پائیدار اور بلاتعطل ترقی کی بنیاد رکھی جانی چاہئے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ تعمیری اختلاف اور پھلتی پھولتی جمہوریت کےرجحان کو نقصان کی سوچ کے ساتھ نہیں الجھانا چاہیے، سوچنا ہوگا کہ اپنے مقاصد، بیانیے اور ایجنڈے میں کس چیز کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ سیاسی ماحول کی ازسر نو ترتیب کی جا سکتی ہے، ہم حقیقی طور پر کوشش کریں تو سیاسی درجہ حرارت میں کمی لا سکتے ہیں، ہم سب کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کیلئے سب سے زیادہ اہم چیز کیا ہے، مشکلات کو مواقع میں بدلنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہو لت کیلئے پیچیدہ قوانین کو آسان بنانا ہو گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK