وہ بارش میں بھیگنے پر مجبور ہوں گے،مسافروں کی ناراضگی، کہا کہ اگرشیڈ ڈال دیا جائے تو دھوپ اور بارش دونوں مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ریلوے نے اس کیلئے مستقبل کا منصوبہ بتایا
EPAPER
Updated: May 15, 2026, 10:08 PM IST | Mumbai
وہ بارش میں بھیگنے پر مجبور ہوں گے،مسافروں کی ناراضگی، کہا کہ اگرشیڈ ڈال دیا جائے تو دھوپ اور بارش دونوں مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ریلوے نے اس کیلئے مستقبل کا منصوبہ بتایا
ملاڈ نئے پلیٹ فارم نمبر ایک پر شیڈ نہ ہونے سے چلچلاتی دھوپ میں مسافر پریشان ہوتے ہیں۔ دھوپ سے بچنے کے لئے وہ سایہ تلاش کرتے ہیں۔ ایک جانب گرمی میں ابھی یہ حالت ہے اور دوسری جانب برسات میں وہ بھیگنے پر مجبور ہوں گے۔ اس لئے ریلوے سے اس مسئلے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پریشانی مسافروں کی زبانی
عبدالرحمٰن خان نام کے ایک مسافر نے اس تعلق سے کہا کہ یہ مسئلہ خود بتارہا ہے کہ میں مسئلہ ہوں، کہنے کی ضرورت نہیں۔ ٹرین کا انتظار کرنے والے مسافر دھوپ سے بچنے کے لئے ادھر ادھر سایہ تلاش کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ پہلے تو آدھا ادھورا دوسری سمت پلیٹ فارم بنایا گیا ۔اب اس پر شیڈ نہ ہونے سے مسافر پریشان ہوتے ہیں۔ اگر شیڈ ڈال دیا جائے تو دھوپ اور بارش دونوں مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ایک دوسرے مسافر ایس اے انصاری نے کہا کہ ریلوے کا ہر کام کمال کا ہوتا ہے۔ شیڈ نہ ہونا ایسا مسئلہ ہے جسے نہ کسی کو بتانے کی ضرورت ہے اور نہ کہنے کی، خود ہی واضح ہے مگر ریلوے انتظامیہ کو نظر نہیں آتا۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس جانب فوری طور پر توجہ دے کر مسافروں کو راحت پہنچائی جائے۔ ایک تیسرے مسافر رماشنکر سنگھ نے کہا کہ یہ ریلوے کی کھلی لاپروائی ہے۔ پہلے پلیٹ فارم بنانے میں وقت لگایا گیا ، رسی باندھ کر بھیڑ منقسم کی جاتی رہی، اب شیڈ نہ ہونے سے شدید گرمی میں مسافر پریشان ہورہے ہیں۔ ابھی بھی وقت ہے کہ کم سے کم بارش میں تو انہیں راحت دی جائے اور مسافر بغیر بھیگے ٹرین کا انتظار کرسکیں۔
یہ بھی پڑھئے : حکومت آئندہ ۶؍ ماہ تک کوئی بڑا پروگرام منعقد نہیں کرے گی
ریلوے انتظامیہ نے کیا جواب دیا؟
اس مسئلے پر ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے بتایا کہ چونکہ یہ ایک عارضی پلیٹ فارم ہے ، اس پر شیڈ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہاربر لائن کے توسیعی منصوبے کے تحت اسی مقام پر مستقل پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔ پلیٹ فارم کے کام کے لئے ٹینڈر پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔ یہ منصوبہ ریلوے کے جی اے ڈی منظوری کے تحت ہے۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم کے کام کے لئے اسٹیشن کے جنوبی حصے کے اخیر میں زمین کا حصول بھی شامل ہے۔ یہ تمام مسائل حل ہوتے ہی مستقل پلیٹ فارم بنانے کا کام شروع کردیا جائے گا۔ ریلوے کے اس جواب کا مطلب صاف ہے کہ ابھی مسافر اسی طرح گرمی اور بارش میں بھیگتے رہیں گے۔