مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے ووٹروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔
EPAPER
Updated: April 10, 2026, 11:12 AM IST | Mumbai
مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے ووٹروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔
ملک کی ریاستوں آسام، کیرالا اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں جمعرات کو اسمبلی انتخابات کیلئے مجموعی طور پر پرامن ووٹنگ ہوئی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے ووٹروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی تینوں خطوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں ۔ الیکشن کمیشن نے پرامن اور شفاف پولنگ کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے تھے۔ آسام میں انتخابی عمل کے دوران تشدد کے واقعات بھی پیش آئے جن میں تقریباً۳۰؍ افراد زخمی اور ۷؍ افراد گرفتار کئے گئے۔ ضلع شری بھومی کے پاتھارکنڈی علاقے میں کانگریس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپ میں ۲۵؍ افراد زخمی ہوئے جن میں ۲؍ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پڈوچیری کے منّاڈی پیٹ علاقے میں بھی پولنگ بوتھ پر کانگریس اور بی جے پی حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جسے قابو میں کرنے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: مساجوگ سرپنچ الیکشن میں ایک اور امیدوار میدان میں اترا
اس دوران کیرالا میں سابق وزیر دفاع اور کانگریس کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے ترواننت پورم میں اپنا ووٹ ڈالا جبکہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے گوہاٹی میں کاماخیا مندر میں پوجا کے بعد اپنی اہلیہ کے ساتھ جالوک باڑی میں ووٹ ڈالا۔
آسام میں ۱۲۶؍ نشستوں کے لئے۴۱؍ سیاسی جماعتوں کے۷۲۲؍ امیدوار میدان میں ہیں جبکہ کیرالا میں ۱۴۰؍ نشستوں کے لئے ۲ء۷۱؍ کروڑ ووٹرز۸۹۰؍ امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ پڈوچیری میں ۳۰؍ اسمبلی نشستوں کے لئے ووٹنگ عمل میں آئی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی۴؍ مئی کو ہوگی اور اسی روز نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔