• Thu, 19 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیرو: نئے عبوری صدر کا انتخاب، جوز بالکازر ۲۸؍ جولائی تک عہدے پر

Updated: February 19, 2026, 3:58 PM IST | Lima

پیرو کی کانگریس نے بائیں بازو کے قانون ساز جوز ماریا بالکازر کو نیا عبوری صدر منتخب کر لیا ہے۔ وہ ۲۸؍ جولائی تک عہدے پر فائز رہیں گے، جبکہ ملک بدعنوانی الزامات کے بعد سابق عبوری صدر کی برطرفی کے بعد سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے۔ واضح رہے کہ پیرو نے گزشتہ ۱۰؍ سال میں ۸؍ واں صدر منتخب کیا ہے۔

Jose Balcazar. Photo: INN
جوز بالکازر۔ تصویر: آئی این این

بدھ کو پیرو کی کانگریس نے بائیں بازو کے قانون ساز جوز ماریا بالکازرکو ملک کا نیا عبوری صدر منتخب کر لیا۔ ۸۳؍ سالہ بالکازر نے لیما میں پارلیمانی اجلاس کے دوران سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ وہ ۲۸؍ جولائی تک عبوری سربراہِ مملکت کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ بالکازر گزشتہ دس برسوں میں پیرو کے آٹھویں صدر بن گئے ہیں، جو ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس نے ایک روز قبل عبوری صدر ہوزے جیری کو بدعنوانی کے الزامات کے باعث عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ انتخابات کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کے لیے موزوں نہیں رہے، جبکہ ان کے خلاف متعدد تحقیقات جاری تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، جیری پر مبینہ طور پر چینی تاجر ژہوا یانگ کے ساتھ نامعلوم ملاقاتوں اور اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔ بتایا گیا کہ ژہوا یانگ کی کمپنی کو حال ہی میں ایک بڑے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی حکومتی منظوری ملی تھی۔ تاہم جیری نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کا اعادہ کیا

سیاسی پس منظر
واضح رہے کہ جیری نے گزشتہ اکتوبر میں ڈائنا بولارتے کی برطرفی کے بعد صدارت سنبھالی تھی، جنہیں احتجاجی مظاہروں اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کے الزامات کے بعد ہٹایا گیا تھا۔ پیرو میں گزشتہ چند برسوں کے دوران قیادت میں بار بار تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جس سے سیاسی اور معاشی استحکام متاثر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ ایران کو ہرصورت جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے روکے گا: امریکی وزیر توانائی

آئندہ انتخابات اور خدشات
ملک میں صدارتی انتخابات جولائی میں متوقع ہیں اور سیاسی جماعتوں نے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلسل سیاسی بحران ووٹرز کے اعتماد کو کمزور کر سکتا ہے اور معاشی و سماجی مسائل سے نمٹنے کی حکومتی کوششوں کو پیچیدہ بنا سکتا ہے۔عبوری صدر بالکازر کا بنیادی ہدف انتخابی عمل کو شفاف اور پُرامن انداز میں مکمل کرنا اور سیاسی استحکام کی بحالی ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK