Inquilab Logo Happiest Places to Work

۳۶ ممالک میں زیادہ تر لوگ اسرائیل کے بارے میں منفی نظریات رکھتے ہیں: پیو سروے کے نتائج میں انکشاف

Updated: June 06, 2026, 10:06 PM IST | Washington

سروے میں شامل مسلم اکثریتی ممالک، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، ترکی اور فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے تئیں منفی نظریات خاص طور پر بہت مضبوط پائے گئے۔ پورے یورپ میں بھی اسرائیل کے بارے میں رویے بڑے پیمانے پر منفی تھے۔ اٹلی، نیدرلینڈز اور اسپین میں، تقریباً نصف یا اس سے زیادہ جواب دہندگان نے کہا کہ وہ اسرائیل کے بارے میں انتہائی ناپسندیدہ نظریہ رکھتے ہیں۔

Benjamin Netanyahu. Photo: X
بنجامن نیتن یاہو۔ تصویر: ایکس

پیو ریسرچ سینٹر (Pew Research Center) کے ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ سروے میں شامل ۳۶ ممالک کی اکثر آبادی اسرائیل کو ناپسندیدہ مانتی ہے اور اس کے بارے میں منفی نظریات رکھتی ہے۔ دنیا کے بڑے حصے میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو پر اعتماد کی سطح بدستور کم ہے۔ ۸ فروری سے ۱۳ مئی ۲۰۲۶ء کے درمیان کئے گئے اس سروے میں ۳۶ ممالک کے ۴۴ ہزار ۶۵۷ جواب دہندگان تھے۔ سروے کے نتائج میں پتا چلا کہ عالمی سطح پر اوسطاً ۶۷ فیصد بالغ افراد اسرائیل کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہیں، جبکہ صرف ۲۵ فیصد نے صہیونی ریاست کے تئیں مثبت رائے کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا دوغلاپن، جنگ بندی کے باوجود لبنان پرحملہ

سروے میں شامل مسلم اکثریتی ممالک میں اسرائیل کے تئیں منفی نظریات خاص طور پر بہت مضبوط پائے گئے۔ ان ممالک میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، ترکی اور مغربی کنارے (ویسٹ بینک) اور مشرقی یروشلم کے فلسطینی علاقے شامل ہیں۔ سروے کے نتائج بتاتے ہیں کہ پورے یورپ میں بھی اسرائیل کے بارے میں رویے بڑے پیمانے پر منفی تھے۔ اٹلی، نیدرلینڈز اور اسپین میں، تقریباً نصف یا اس سے زیادہ جواب دہندگان نے کہا کہ وہ اسرائیل کے بارے میں انتہائی ناپسندیدہ نظریہ رکھتے ہیں۔

پیو کے مطابق، ان ۲۴ ممالک میں سے ۱۳ میں اسرائیل کے بارے میں منفی آراء میں اضافہ ہوا ہے جہاں ۲۰۲۵ء کے موازنہ کے قابل اعداد و شمار دستیاب تھے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کے بارے میں تاثرات میں معمولی بہتری صرف یونان میں ریکارڈ کی گئی۔ اسرائیل کے تئیں منفی خیالات میں سب سے تیز رفتار اضافہ جنوبی کوریا میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں ناپسندیدہ آراء میں ۱۰ فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ ارجنٹائنا، جرمنی، اٹلی اور نائجیریا میں منفی آراء میں ۹ پوائنٹس؛ پولینڈ اور برطانیہ میں ۸ پوائنٹس؛ امریکہ میں ۷ پوائنٹس؛ انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ میں ۶ پوائنٹس؛ آسٹریلیا اور کنیڈا میں ۵ پوائنٹس اور ترکی میں ۴ پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: سیٹیلائٹ تصاویر نے غزہ کی ہولناک تباہی دنیا کے سامنے رکھ دی

پیو نے نوٹ کیا کہ ان آراء کو تشکیل دینے میں سیاسی نظريات نے اہم کردار ادا کیا۔ امریکہ میں ۸۳ فیصد لبرل افراد نے اسرائیل کے بارے میں منفی خیالات کا اظہار کیا، جبکہ اس کے مقابلے میں قدامت پسندوں میں یہ شرح ۳۷ فیصد تھی۔ اسی طرح کے نظریاتی اختلافات آسٹریلیا، یونان، اٹلی، نیدرلینڈز، اسپین اور سویڈن میں بھی ریکارڈ کئے گئے۔

سروے میں شامل افراد نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کے تئیں بھی محدود اعتماد کا اظہار کیا۔ آسٹریلیا، کنیڈا، فرانس، جرمنی، یونان، اٹلی، نیدرلینڈز، اسپین، سویڈن اور برطانیہ میں اکثریت نے کہا کہ انہیں عالمی امور کو سنبھالنے کی نیتن یاہو کی صلاحیت پر بہت کم یا بالکل اعتماد نہیں ہے۔ صرف کینیا اور فلپائن ایسے ممالک تھے جہاں نصف سے زیادہ جواب دہندگان نے نیتن یاہو پر اعتماد کا اظہار کیا۔ پیو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی لیڈر پر اعتماد میں کمی کا رجحان سب سے زیادہ جنوبی کوریا میں نمایاں تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK