حالانکہ دونوں لیڈران خطاب کئے بغیر واپس چلے گئے لیکن دونوں کی بے پناہ مقبولیت نے بی جے پی کی نیندحرام کردی ہے، بھیڑ کی کئی تصاویر وائرل ہو گئیں۔
EPAPER
Updated: May 20, 2024, 11:17 AM IST | Hameedullah Siddiqui | Lucknow
حالانکہ دونوں لیڈران خطاب کئے بغیر واپس چلے گئے لیکن دونوں کی بے پناہ مقبولیت نے بی جے پی کی نیندحرام کردی ہے، بھیڑ کی کئی تصاویر وائرل ہو گئیں۔
یوپی میں راہل گاندھی اوراکھلیش یادوکی جوڑی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس کا واضح ثبوت الٰہ آباد(پریاگ راج) کے پھول پورمیں اس وقت دیکھنے کو ملا جب دونوں لیڈران کی ایک جھلک پانے کے لئے لاکھوں افرادکی بھیڑ بے قابو ہوگئی، نتیجتاً راہل اوراکھلیش یادو کوریلی سے بغیرخطاب کئے لوٹنا پڑا۔ اس افراتفری کے دوران بعض میڈیا اہلکاروں کے کیمرے ٹوٹنے اورچند افرادکے زخمی آنے کی بھی اطلاع مل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آج پانچویں مرحلہ کی پولنگ، ممبئی پر نظریں
یوپی میں موسم کی تپش اورسیاسی پارہ دونوں اپنے شباب پر ہیں۔ پھولپورمیں انڈیا اتحاد کی ریلی میں امیدسےزائد بھیڑ پہنچ گئی جنھیں قابو کرنا پولیس کےبس کی بات نہیں رہ گئی۔ راہل اور اکھلیش کی ایک جھلک پانے کےلئے پارٹی کارکنان اورریلی میں موجودلوگ بے قابو ہوگئے اور بیریکیڈنگ توڑکر اسٹیج کے سامنے جا پہنچے۔ حالات اتنے ہنگامہ خیز ہوگئے کہ پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا مگر بھیڑ کے جوش میں کوئی کمی نہیں آئی اور وہ اسٹیج کے قریب پہنچ کر دونوں قائدین کی حمایت میں نعرہ لگانے لگے۔ بہت سے لوگ اسٹیج پر بھی چڑھ گئے۔ پہلے اکھلیش اور پھر راہل نے اپنے اپنے حامیوں کو سمجھانے کی کوشش کی مگرناکام رہے، یہاں تک کہ افراتفری کا ماحول اوردونوں لیڈران کی سیکورٹی کا مسئلہ پیدا ہوگیا جس کے بعد وہ وہاں سے چلے گئے۔