ممبئی کے عازمین کیلئے بی ایم سی کے ۱۵؍اسپتالو ں میں طبی جانچ بدھ سے۔حج کمیٹی کی جانب سے تاریخ میں توسیع کا اعلان ایک دن بعد۔
EPAPER
Updated: September 14, 2026, 5:16 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ممبئی کے عازمین کیلئے بی ایم سی کے ۱۵؍اسپتالو ں میں طبی جانچ بدھ سے۔حج کمیٹی کی جانب سے تاریخ میں توسیع کا اعلان ایک دن بعد۔
ممبئی کے ۳۵۰۰؍ عازمین کے طبی جانچ اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت کے لئے بی ایم سی کے ۱۵؍ اسپتالوں میں بدھ۱۶؍ ستمبر سے نظم کیا جائے گا۔ اس سے عازمین کو کافی سہولت ہوگی اور ان کی پریشانی دور ہوجائے گی۔ عازمین اب تک بہت پریشان تھے اور کچھ عازمین نے بھاگ دوڑ کرکے فٹنس جانچ بھی کرالی ہے مگر زیادہ تر کیلئے اب بھی یہ بڑا مسئلہ ہے۔ دوسری جانب میڈیکل سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کی ۱۵؍ستمبر کی آخری تاریخ میں توسیع کردی جائے گی جو عازمین کے لئے مزید اطمینا ن کا باعث ہوگی ۔ اب عازمین ان اسپتالوں میں سہولت کے ساتھ طبی معائنہ کرواکر سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ حج ٹرینرس بھی، جتنے عازمین کی ٹریننگ کی ان کو ذمہ داری دی گئی ہے وہ بھی اس تعلق سے عازمین کی رہنمائی کریں گے۔
یاد رہے کہ حج کمیٹی کی جانب سے باضابطہ انتظام نہ کئے جانے اور محض فرمان جاری کردینے کہ اس تاریخ تک سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہے، سے ہی عازمین کے لئے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اگر فرمان جاری کرنے سے قبل باضابطہ نظم کردیا جائے تو عازمین حج کو اس طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’یونیفارم سول کوڈ سے مسلمانوں کے ہی نہیں تمام مذاہب کے پرسنل لاز متاثر ہوں گے‘‘
بی ایم سی کمشنر سے ملاقات اور خط
اس ضمن میں ریاستی حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ عازمین کی سہولت کی خاطر انہوں نے بی ایم سی ایڈیشنل کمشنر پراجکتا ورما لونگارے سے ملاقات کی اور ان کو حج کمیٹی کی جانب سے خط بھی دیا اور یہ مطالبہ کیا کہ عازمین کی سہولت کی خاطر نظم کیاجائے گا اور بی ایم سی کے زیر نگرانی اسپتال انتظامیہ کو ہدایت بھی جاری کی جائے تاکہ عازمین آسانی کے ساتھ اپنا طبی معائنہ کرواکر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں۔
بی ایم سی کی ایڈیشنل کمشنرکی یقین دہانی
بی ایم سی کی ایڈیشنل کمشنر کی جانب سے نہ صرف یقین دلایا گیا بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ بی ایم سی کی جانب سے شہر اور مضافات کے ۱۵؍ اسپتالوں میں نظم کرتے ہوئے اس کی فہرست بھی جاری کردی جائے گی ۔ عازمین کو پیغام بھی بھیجا جائے گا تاکہ ان کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
بدھ۱۶؍ ستمبر سے عازمین کی فٹنس سرٹیفکیٹ کے لئے ان اسپتالوں میں سہولت مہیا کرائی جائے گی۔
کن اسپتالوںمیں نظم کیا گیا ہے؟
بی ایم سی کے زیرنگرانی جن اسپتالوں میں عازمین کیلئے نظم کیا جائے گا ان میں نائر اسپتال،بھابھا اسپتال(کرلا)، کوپر، کستوربا، راجاواڑی، ماں اسپتال (چمبور) اوربالا صاحب ٹھاکرے اسپتال جوگیشوری وغیرہ کے علاوہ دیگر اسپتال شامل ہیں۔ شہر ومضافات کے ان تمام بی ایم سی کے زیر نگرانی۱۵؍ اسپتالوں کی باضابطہ فہرست جاری کی جائے گی۔