وزیراعلیٰ وجئے کیساتھ میٹرو میں سفرکیا اورروڈ شو بھی کیا، آئی آئی ٹی مدراس میں بھی پروجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھا۔
EPAPER
Updated: October 12, 2026, 11:22 AM IST | Agency | Chennai
وزیراعلیٰ وجئے کیساتھ میٹرو میں سفرکیا اورروڈ شو بھی کیا، آئی آئی ٹی مدراس میں بھی پروجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجئے کی موجودگی میں اتوار کو چنئی میٹرو ریل منصوبے کے دوسرے مرحلے کے پہلے حصے کا افتتاح کیا۔ شہر کو ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات دلانے اور آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے۴۹۰۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا میٹرو کا یہ نیا راستہ ۱۴ء۶۴؍ کلو میٹر طویل ہے۔وزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ وجئے نے دوسرے مرحلے کے تحت پونملی-وڈپالنی حصے پر پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس مرحلے میں۳ء۷؍ کلو میٹر طویل خصوصی دو منزلہ ڈھانچہ اور بغیر ڈرائیور کے ٹرین چلانے میں مدد دینے والا جدید ترین اشارتی نظام شامل ہے۔ اس کے بعد مودی اور وجئے، دونوں نے ٹکٹ کاؤنٹر سے ٹکٹ خریدے اور اس پہلے مرحلے کے تحت آنے والے پورور بائی پاس اسٹیشن سے پونملی بائی پاس اسٹیشن تک اور وہاں سے واپس میٹرو ٹرین میں سفر کیا۔ سفر کے دوران چنئی میٹرو ریل کے افسران نے دونوں لیڈران کو منصوبے کی اہم خصوصیات کے بارے میں تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔رپورٹ کے مطابق پونملی سے پورور کے درمیان میٹرو کے ذریعے سفر کا وقت کم ہو کر صرف۲۰؍ منٹ رہ جائے گا، جبکہ پورور سے وڈپالنی کا فاصلہ میٹرو کے ذریعے۱۸؍ منٹ میں طے ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی میں صحافیوں پر بھی جبر،رپورٹنگ سےروکا گیا، متعدد کو تحویل میں لیا گیا
اس سے مسافروں کے وقت کی کافی بچت ہوگی۔ اس سے پہلے ہوائی اڈے سے پورور میٹرو اسٹیشن تک پورے راستے میں سڑک کے دونوں جانب جمع لوگوں کے ہجوم نے دونوں لیڈروں کا پُرجوش استقبال کیا۔ ان میں ہاتھوں میں تختیاں لیے خواتین کارکنوں سمیت بی جے پی کے متعدد کارکن شامل تھے۔ وزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ وجئے نے ایک ساتھ روڈ شو کرتے ہوئے عوام کے اس پُرجوش استقبال کا جواب دیا۔ جیسے ہی گاڑی کی رفتار کم ہوئی، وزیر اعظم نے مسکراتے ہوئے گاڑی کا دروازہ کھولا، باہر کھڑے ہوئے اور ہاتھ ہلا کر لوگوں کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ بھی دوسری گاڑی میں وزیر اعظم کے پیچھے چل رہے تھے۔ انہوں نے گاڑی کی کھڑکی پوری طرح کھول رکھی تھی اور بڑی گرم جوشی کے ساتھ ہاتھ ہلا کر عوام کے استقبال کا جواب دے رہے تھے۔ دونوں لیڈروں کے اس مشترکہ روڈ شو کو لے کر لوگوں میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔ بعد میں وزیر اعظم نے آئی آئی ٹی مدراس کیمپس میں واقع مرکزی ودیالیہ میدان میں منعقدہ ایک عوامی تقریب میں میٹرو منصوبے کے دوسرے مرحلے کے پونملی-وڈپالنی حصے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں انہوں نے ۱۳؍ ہزارکروڑ روپے کے کئی دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا۔ میٹرو منصوبے کا یہ دوسرا مرحلہ روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کے سفر کا وقت کم کرے گا اور تیزی سے پھیلتے ہوئے چنئی کے مغربی مضافاتی علاقوں کو مرکزی شہر سے جوڑے گا۔ اس سے آمد و رفت آسان ہوگی۔