کانگریس جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا ’’ لوک سبھا میں ٹرسٹ کے قیام کا اعلان وزیر اعظم نے کیا تھا۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 11:44 AM IST | New Delhi
کانگریس جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا ’’ لوک سبھا میں ٹرسٹ کے قیام کا اعلان وزیر اعظم نے کیا تھا۔
کانگریس نے ایودھیا کے رام مندر میں چندے کی خرد برد کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں وضاحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ چونکہ شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ کے قیام کا اعلان وزیر اعظم نے خود لوک سبھا میں کیا تھا، اسلئے انہیں اس معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لینا چاہئےاور اپنی خاموشی توڑنی چاہئے۔پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ ۵؍ فروری ۲۰۲۰ء کو وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں ٹرسٹ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ ان کے مطابق، وزیر اعظم کی قیادت میں قائم ہونے والے اس ٹرسٹ سے کروڑوں عقیدت مندوں کے جذبات وابستہ ہیں، اسلئے اس کے کام کاج سے متعلق اٹھنے والے سوالات کا جواب بھی حکومت کو دینا چاہئے۔جے رام رمیش نے الزام عائد کیا کہ ٹرسٹ کی سرگرمیوں نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ٹرسٹ کو وزیر اعظم نے بڑے فخر کے ساتھ قائم کیا تھا، اسی پر اب چندے کی خرد برد اور عقیدت کے ساتھ دھوکے کے الزامات لگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سامنے یہ واضح کرنا چاہئے کہ آخر ٹرسٹ میں ایسا کیا ہوا جس کی وجہ سے یہ تنازعہ پیدا ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی حملے میں چابہار کا مشہور ٹاور تباہ، ہندوستان کو نقصان کا خدشہ
خیال رہے کہ رام مندر میں موصول ہونے والے چندے میں مبینہ خرد برد کا معاملہ گزشتہ ماہ منظر عام پر آیا تھا، جس کے بعد اتر پردیش حکومت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ اب تک اس معاملے میں آٹھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ٹرسٹ کے دو عہدیدار مستعفی ہو چکے ہیں۔ تفتیشی ایجنسیوں نے مبینہ طور پر چندے کی رقم سے متعلق نقد رقم بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ۲۳؍ جون کو اپنی ابتدائی نو صفحات پر مشتمل رپورٹ ریاستی حکومت کو پیش کی تھی، جس کے بعد اس معاملے میں مزید کارروائی شروع ہوئی۔ ٹرسٹ کے سابق جنرل سکریٹری چمپت رائے نے اپنے استعفے کے بعد کہا تھا کہ وہحتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی عوامی طور پر اس معاملے پر اپنا موقف پیش کریں گے۔