Inquilab Logo Happiest Places to Work

نالندہ میں جے ڈی یو کے سابق لیڈروں کے ٹھکانوں پر پولیس کا چھاپہ

Updated: May 29, 2025, 12:46 PM IST | Agency | Nalanda

نالندہ میں بدھ کو ایک بڑی پولیس کارروائی کی گئی جس کے تحت لینڈ مافیا اور جے ڈی یو کے سابق لیڈر بابر ملک اور ان کے بھائی سابق وارڈ کونسلر اور جے ڈی یو کے موجودہ لیڈر اکبر ملک کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔

Police officers after the operation. Photo: INN
کارروائی کے بعد پولیس اہلکار۔ تصویر: آئی این این

نالندہ میں بدھ کو ایک بڑی پولیس کارروائی کی گئی جس کے تحت لینڈ مافیا اور جے ڈی یو کے سابق لیڈر بابر ملک اور ان کے بھائی سابق وارڈ کونسلر اور جے ڈی یو کے موجودہ لیڈر اکبر ملک کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ بھرت سونی کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی نے ضلع میں ہلچل مچا دی۔ دونوں بھائیوں پر ایک منظم جرائم پیشہ گروہ چلانے، غیر قانونی ہتھیار رکھنے اور سنگین مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ 
 بہار کے تھانہ علاقہ کے بیگن آباد میں چھاپہ مار کارروائی بدھ کی صبح سے شروع ہوئی اور خبر لکھے جانے تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کا امکان ہے لیکن خبر لکھے جانے تک پولیس کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ چھاپے کے دوران پولیس سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ صدر ڈی ایس پی، لہری، سہسرائے اور بہار کے تھانہ انچارج سمیت بڑی تعداد میں پولیس فورس موقع پر مامور تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:جموں کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ دلانا ہمارا ہدف: عمر عبداللہ

ایس پی بھرت سونی نے بتایا کہ انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بابر ملک اور اکبر ملک کے ٹھکانوں پر غیر قانونی ہتھیاروں کا ذخیرہ چھپایا گیا ہے۔ اس بنیاد پر پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور بیک وقت دونوں جگہوں پر چھاپے مارے گئے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ چھاپے میں کیا کیا برآمد ہوا ہے اور مستقبل میں اس کارروائی کی زد میں کون آسکتا ہے؟
 ایس پی بھرت سونی نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں کچھ دنوں سے مسلسل اطلاعات مل رہی تھیں کہ بابر ملک اور اس کے بھائی اکبر ملک اسلحہ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں، خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ہے، اس گینگ سے وابستہ تمام ملزمین کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 
 واضح رہےکہ اکبر ملک اس سے قبل دھوکہ دہی، فسادات اور آرمس ایکٹ جیسے سنگین مقدمات میں جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ ان الزامات کی وجہ سے انہیں جے ڈی یو سے بھی نکال دیا گیا تھالیکن بابر ملک اب بھی جے ڈی یو کے سرگرم رکن ہیں، حالانکہ ان کےپاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔ 
 جے ڈی یو کے ترجمان ڈاکٹر دھننجے دیو نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ’’ بابر ملک کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں ہے لیکن وہ ایک سرگرم رکن ضرور ہیں۔ اکبر ملک کو پہلے ہی پارٹی سے نکالا جا چکا ہے۔ ان کےمطابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت میں مجرم چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، وہ قانون سے بچ نہیں سکتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK