Inquilab Logo

۷؍ویں بار پالیسی کی شرحیں برقرار،کار اور گھر کی ای ایم آئی میں کمی کی اُمید ختم

Updated: April 05, 2024, 11:10 PM IST | Agency | Mumbai

آربی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے رواں مالی سال کی پہلی دو ماہی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا ، اچھی فصلوں کی امید ظاہر کی۔

RBI Governor Shaktikanta Das. Photo: INN
آربی آئی کے گورنر شکتی کانت داس۔ تصویر : آئی این این

یزرو بینک آف انڈیا نے اقتصادی سرگرمیوں میں جاری تیزی کا حوالہ دیتے ہوئے اور افراط زر پر گہری نظر رکھتے ہوئے جمعہ کو مسلسل ساتویں بار پالیسی ریٹ کو جوں کا توں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کار اور گھر کی ای ایم آئی کم ہونے کی امید لگانے والوں کو مایوسی ہوئی ہے۔مئی۲۰۲۲ء سے۲۵۰؍ بیسس پوائنٹس تک مسلسل ۶؍ بار شرح میں اضافے کے بعد گزشتہ سال اپریل میں شرح اضافہ سائیکل کو روک دیاگیا تھا اور یہ اب بھی اسی سطح پر ہے۔آربی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ کورواں  مالی سال کی پہلی دو ماہی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے مانیٹری پالیسی کو جوں کا توں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے پیش نظر ریپو ریٹ کے ساتھ ہی تمام اہم پالیسی شرحیں برقرار ہی نیز ایڈجسٹمنٹ کا موقف واپس لینے کا فیصلہ کیاہے۔کمیٹی کے اس فیصلے کے بعد فی الحال پالیسی ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ ریپو ریٹ۶ء۵؍ فیصد، اسٹینڈرڈ ڈپازٹ فیسیلٹی ریٹ (ایس ڈی ایف آر)۶ء۲۵؍ فیصد، مارجنل اسٹینڈنگ فیسیلٹی ریٹ (ایم ایس ایف آر) ؐ۶ء۷۵ء فیصد، بینک ریٹ۶ء۷۵، فیصد، فکسڈ ریزرو ریپو ریٹ  ۳ء۳۵؍ فیصد، کیش ریزرو ریشو۴ء۵۰؍ فیصد، قانونی لیکویڈیٹی ریشو۱۸؍ فیصد پرجوں کا توں برقرارہے۔

یہ بھی پڑھئے: سری نگر: تاریخی جامع مسجد میں جمعۃ الوداع کی نماز نہیں ہوسکی

داس نے کہا کہ فکسڈ سرمایہ کاری اور عالمی ماحول میں بہتری سے حمایت ملنے کی بدولت گھریلو اقتصادی سرگرمیاں تیز رفتاری سے پھیلتی جا رہی ہیں۔ دوسرے پیشگی تخمینے (ایس اے ای) نے۲۴-۲۰۲۳ء کیلئے حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو۷ء۶؍ فیصد رکھی ہے۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب شرح نمو ۷؍فیصد یا اس سے زیادہ رہے گی۔ توقع ہے کہ جنوب مغربی مانسون کے معمول کے مطابق ربیع کی گندم کی اچھی فصل اور خریف کی فصلوں کے بہتر امکانات کے ساتھ زراعت اور دیہی سرگرمیاں خوشگوار رہیں گی۔ دیہی مانگ میں مضبوطی، روزگار کی صورتحال میں بہتری اور غیر رسمی شعبے کی سرگرمی میں بہتری ہونے، افراط زر کے دباؤ میں کمی اور مینوفیکچرنگ وخدمات کے شعبوں میں مسلسل مضبوطی سے نجی کھپت میں اضافہ متوقع ہے۔آر بی آئی کے سروے کے مطابق ایک سال پہلے صارفین کا اعتماد ایک نئی بلندی پر پہنچ گیا تھا۔ عالمی سپلائی چینز میں ہمارے بڑھتے ہوئے انضمام کے ساتھ ساتھ عالمی نمو اور تجارتی امکانات میں بہتری سے اشیا ءاور خدمات کی بیرونی مانگ میں اضافہ متوقع ہے لیکن طویل جغرافیائی سیاسی تناؤ اور تجارتی راستوں میں بڑھتے ہوئے خلل سے پیدا ہونے والے منفی حالات منظرنامے کے لئے خطرہ پیدا کرتے ہیں۔ ان تمام عوامل کو ذہن میں رکھتے ہوئے، مالی سال۲۵-۲۰۲۴ء کیلئے حقیقی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کا تخمینہ ۷؍فیصد لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو۷ء۱؍ فیصد، دوسری سہ ماہی میں ۶ء۹؍ فیصد، تیسری سہ ماہی میں۷؍ فیصد اور چوتھی سہ ماہی میں۷؍ فیصد رہنے کا تخمینہ  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK