مراٹھا کرانتی مورچہ کا ممبئی میں احتجاج دیویندر فرنویس کے گھر جانے کی کوشش، پولیس نے راستے میں روکا۔
EPAPER
Updated: August 07, 2024, 10:45 AM IST | Agency | Mumbai
مراٹھا کرانتی مورچہ کا ممبئی میں احتجاج دیویندر فرنویس کے گھر جانے کی کوشش، پولیس نے راستے میں روکا۔
مراٹھا ریزرویشن کا معاملہ دوبارہ گرم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ مراٹھا کرانتی مورچہ کے سربراہ رمیش کیرے پاٹل نے منگل کو یہاں ’جواب دو‘ مہم شروع کی جس کے تحت مراٹھا کارکنان نے تمام سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریزرویشن کے معاملے پر اپنا موقف واضح کریں۔ اسی کی غرض سے رمیش کیرے اور ان کے ساتھ دیویندر فرنویس کی ممبئی کے مرین ڈرائیو پر واقع رہائش گاہ پر جا رہے تھے لیکن پولیس نے انہیں راستے ہی میں روک لیا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس دوران رمیش کیرے پاٹل نے کہا ’’ سیاسی پارٹیاں دیکھ لیں کہ ریزرویشن کے سبب بنگلہ دیش میں کیا ہوا۔‘‘
اطلاع کے مطابق منگل کے روز مراٹھا کرانتی مورچہ کے رمیش کیرے پاٹل کی قیادت میں ہزاروں مراٹھا کارکنان ممبئی میں داخل ہوئے اور وہ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے مرین ڈرائیو پر واقع بنگلے ’ساگر‘ کی طرف جا رہے تھے۔ وہ فرنویس سے ملاقات کرکے یہ معلوم کرنا چاہتے تھے کہ حکومت مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کیلئے کیا اقدامات کر رہی ہے؟ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے ’ جواب دو جواب دو، دیویندر فرنویس جواب دو‘ پولیس نے رمیش کیرے پاٹل کی گاڑی گرگام چوپاٹی ہی پر روک لی۔ ساتھ ہی ان کے ساتھ موجود مراٹھا کارکنان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ زیادہ تر کارکنان کو سمجھا بجھا کر چھوڑ دیا گیا۔ اس دوران رمیش پاٹل نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں یہ واضح کریں کہ مراٹھا ریزرویشن کے تعلق سے ان کا کیا موقف ہے؟ ورنہ وہ دیکھ لیں کہ بنگلہ دیش میں ریزرویشن کے سبب کیا ہوا۔ یاد رہے کہ مراٹھا تحریک کے قائد منوج جرنگے نے بھی منگل کو اسی طرح کا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ بنگلہ دیش کے لیڈروں سے زیادہ مستی یہاں لیڈروں کو ہے۔ ‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ ریزرویشن نہیں ملا تو وہ الیکشن میں اپنے امیدوار کھڑا کریں گے۔