دونوں جانب کے اہم عہدیداران نے انضمام کی خبروں کی تردید کی،کہا:جو کچھ چل رہا ہے اور چھپ رہا ہے وہ میڈیا کی اختراع ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 9:23 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
دونوں جانب کے اہم عہدیداران نے انضمام کی خبروں کی تردید کی،کہا:جو کچھ چل رہا ہے اور چھپ رہا ہے وہ میڈیا کی اختراع ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے انضمام اور دیگر جماعتوں کے رابطے میں رہنے کی خبریں گشت کررہی ہیں۔ علاج کے دوران شرد پوار سے امیت شاہ کی ملاقات پر بھی طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری رہیں ۔اسی تعلق سے نمائندۂ انقلاب نے این سی پی کے دونوں گروپ کےاُن نمائندوں سے،جو ممبئی میں ہیں ، یہ جاننے کی کوشش کی کہ اس کی حقیقت کیا ہے۔
این سی پی (شردپوار) کے قومی ترجمان نسیم صدیقی سے رابطہ قائم کرنے پر ان کاکہنا تھا کہ ’’ہماری پارٹی مضبوطی سے اپنی جگہ قائم ہے،ایک بھی ایم ایل اے یا ایم پی اپنی جگہ سے ادھر ادھر ہونے والا نہیں ہے ۔اسی طرح این سی پی (شرد پوار) کی شناخت سیکولر ہے اور رہے گی، ہماری پارٹی انڈیا الائنس کا مضبوط حصہ ہے۔ ‘‘
ان سے یہ پوچھنے پر کہ اسپتال میں علاج کے دوران شردپوار اور امیت شاہ کی ملاقات کے الگ الگ مطلب نکالے گئے ؟تو انہوں نے اسے رسمی سیاسی ملاقات قرار دے کر پلہ جھاڑ لیا مگر یہ بھی کہا کہ’’ شردپوار ہندوستانی سیاست کا ایک اہم حصہ ہیں، ماہر سیاست داں ہیں، ان سے وزیراعظم بھی مشورہ کرتے ہیں ، چنانچہ امیت شاہ کی ملاقات کو بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہئے،اس کا کوئی اورمطلب ہرگز نہیں ہے۔‘‘
نسیم صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ’’دونوں این سی پی کے انضمام کی کوئی بات نہیںہے، نہ ہی اس تعلق سے کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ ہاں !اگریہ کہا جارہا ہے کہ سونیتراپوار سے پارٹی نہیںسنبھل رہی ہے،سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کچھ کہہ رہےہیں تو یہ ان کا اپنا معاملہ ہےالبتہ کوئی ہمارے ساتھ آنا چاہے تو ہم اس کا ضرور استقبال کریں گے۔ ‘‘
این سی پی (اجیت پوار) کے قومی جنرل سیکریٹری اور اقلیتی شعبےکےسربراہ ایڈوکیٹ سید جلال الدین نے کہا کہ ’’انضمام کی خبریں بے بنیاد ہیں، جو کچھ میڈیا میںآرہا ہے، اخبارات میں چھپ رہا ہے وہ میڈیا کی اختراع ہے،حقیقت سے اس کاکوئی تعلق نہیں ہے۔ ہماری پارٹی مضبوطی سے اپنا کام کررہی ہے ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’ حکومت اساتذہ اور طلبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے‘‘
ایڈوکیٹ سید جلال الدین نے یہ تسلیم کیا کہ ’’ آنجہانی اجیت پوار کے دور میں انضمام کے تعلق سے کچھ بات چیت ضرور ہوئی تھی مگر ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعدنہ تو کوئی بات چیت ہوئی ہے اور نہ ہی اس وقت جو کچھ میڈیا میںچل رہا ہےاس کی کوئی حقیقت ہے ۔‘‘
بعض حلقوں میں خیال کیا جارہا ہے کہ انضمام کی جو بازگشت ہے اس کے پیچھے شرد پوارکے گروپ کا ذہن کارفرما ہے جبکہ بعض دیگر کا کہنا ہے کہ جب تک آگ نہ ہو، دھواں نہیں اٹھتا، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔