بیسٹ کمیٹی نے جنوبی ممبئی کے پریشان حال مکینوں کے احتجاج کے بعد۲۰؍ کروڑکےایکشن پلان کو منظور کیا۔
گزشتہ کئی ماہ سے جنوبی ممبئی کے مختلف علاقوں میں لوگ بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان ہیں ۔ جنوبی ممبئی کے مختلف علاقوں کے مکینوں اور تجارتی حلقے سے وابستہ افراد نے بڑے پیمانے پر برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بی ای ایس ٹی) کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے تقریباً روزانہ کی جانے لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ کو مستقل طو ر پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وہیں بجلی مسئلہ کو حل کرنے کے لئے بیسٹ کمیٹی نے ۲۰؍ کروڑ روپے کا ایکشن پلان منظور کیا ہے جس سے جلد ہی جنوبی ممبئی کے مکینوں کو راحت ملے گی ۔
گزشتہ کئی ماہ سے جنوبی ممبئیکےقلابہ،مرین لائنس ، گرگاؤں،بھولیشور،اوپیراہاؤس،ٹھاکردوار، کالبادیوی، کرافورڈ مارکیٹ ، چکلہ ، محمد علی روڈ ، ڈونگری ، نل بازار ، بھنڈی بازار ، ناگپاڑہ ،مدنپورہ اور آس پاس کے علاقوں میں ۲؍ گھنٹے سےزیا دہ اور بعض علاقوں میں توتقریباً ۱۲؍ گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے ۔ بجلی کے منقطع ہونے کا یہ سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے ۔ روزانہ پیش آنے والے اس مسئلہ کے مستقل حل کیلئے مذکورہ علاقوں کے بیشتر مکینوں اور تاجروں نے قلابہ میں بیسٹ کے خلاف احتجاج کیا تھا ۔ بجلی کا مسئلہ حل نہ کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے پر بیسٹ کمیٹی کے بعض ممبران نےمیٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی لیکن عوامی احتجاج کے بعد بیسٹ کمیٹی نے اس مسئلے کے حل کیلئے ۲۰؍ کروڑ کاجو ایکشن پلان منظور کیا ہے اس سے بجلی کا مسئلہ کافی حد تک حل کئے جانے کا امکان ہے۔
ترتیب کردہ ایکشن پلان کے مطابق فیلڈاسٹاف کی بھرتی، اضافی مشینوں اور مزدوروں کی تعیناتی اور ایک نیا فالٹ کنٹرول سینٹر قائم کرنا شامل ہے ۔اس ضمن میں منعقدہ میٹنگ کے دوران کمیٹی نے زیر زمین کیبل نیٹ ورک میں خرابی کے سبب بحران پیدا ہونے کا جواز پیش کیا تھا ۔وہیں بی جے پی کارپوریٹر آکاش پروہت اور لیڈر سنیل گناچاریہ جو بیسٹ کمیٹی کے ممبر بھی ہیں، نے اتوارکوجنوبی ممبئی کےگرگاؤں،بھولیشور،اوپیرا ہاؤس، ٹھاکردوار، کالبادیوی میں مسلسل ۱۲؍ گھنٹے بجلی کے غائب ہونے اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ اور افسران سے رابطہ کرنے کے باوجودفون نہ اٹھانے اور مسئلہ حل نہ کرنے کا الزام لگایا تھا ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح سے کیبل آپریٹراور وائی فائی کنکشن دینے والے ہمہ وقت صارفین کو دستیاب ہوتے ہیں ، بیسٹ کمیٹی ایسا نظم کیوں نہیں کرتی؟
بیسٹ کمیٹی ممبران کی ناراضگی کا جواب دیتے ہوئےبیسٹ کمیٹی نے ۲۰؍ کروڑکے ایکشن پلان کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کیبل لائن میں خرابی اوراسے فوری طورپر درست کرنے کیلئے ۶۹۰؍ فیلڈ ورکز کی بھرتی کی جائے گی ۔ ساتھ ہی ٹریفک ڈویژن سے ۱۲۷ ڈرائیورز اور ۱۰۰؍ میکانک عارضی طور پر تعینات کئے جائیں گے۔