• Sun, 25 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدارس میں یومِ جمہوریہ ۲۶؍جنوری کےموقع پرجوش وخروش سے تقریباتی اہتمام کی تیاریاں

Updated: January 25, 2026, 3:31 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

رابطۂ مدارس ممبئی وتھانے کےترجمان نےکہا: تمام مدارس میںتعطیل رہے گی، اس موقع پر اسلاف کی عظیم قربانیوں اور آزادیٔ وطن وجمہوری حقوق پرروشنی ڈالی جائے گی۔

Madrasa students remembering lessons. Photo: INN
مدرسے کے طلبہ سبق یاد کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

مدارس میں جشنِ جمہوریہ کی تقریبات جوش وخروش کے ساتھ منانے کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ ۲۶؍جنوری پیر کے دن تمام مدارس میں تعطیل رہے گی۔ پرچم کشائی کے ساتھ کسی ادارے میںریلی کا اہتمام کیا جائے گا تو کسی مدرسے میںخصوصی نشست اور قومی یکجہتی کانفرنس منعقد کی جائے گی تو کسی ادارے میںطلبہ اور اساتذہ یومِ جمہوریہ کے تعلق سےآزادی ٔ وطن اور جمہوری حقوق کےبارے میں اظہار خیال کریں گے۔متعددمدارس میںرابطہ قائم کرنے پرمہتمم اورذمہ دار حضرات نے اس کی توثیق کی کہ تعطیل رہے گی اورپرچم کشائی کا اہتمام کیا جائےگا۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی:میئر انتخاب سے قبل کانگریس، این سی پی (شرد ) اور سماجوادی پارٹی کا اتحاد

رابطہ ٔمدارس اسلامیہ کے ترجمان مولانا عبدالقدوس شاکر حکیمی نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ ممبئی ہی نہیں ، تھانے اورپال گھر میں بھی دینی اداروں میں جشن کا اہتمام کیا جائے گا۔اس کے ذریعے ہم سب آزادی ٔوطن کی زرّیں تاریخ اور اپنے اسلاف کی عظیم قربانیاں نسل ِنو تک منتقل کرنا اور انہیں آگاہ کرانا چاہتے ہیں۔اسی کےساتھ ہمارے جمہوری اورآئینی حقوق کیا ہیں، جمہوریت کا حقیقی مفہوم کیا ہے ،اس سے بھی آگاہ کرایا جائے گا تاکہ ہم اپنے حقوق کے تعلق سے بھی باخبر رہیں اورجمہوریت وجمہوری نظام کو بھی  سمجھ سکیں۔رابطۂ مدارس کے ترجمان کے مطابق بعض مساجد کے ٹرسٹیان نے بھی مسجد کے باہر جشن کا اہتمام اور پرچم کشائی کا اعلان کیا ہے،اس تعلق سے جوگیشوری کی امن مسجد کا بطور خاص انہوں نے تذکر ہ کیا۔ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کی کہ اس کا ہرگزیہ مطلب نہیں ہے کہ کسی کےخوف کے سبب ایسا کیا جارہا ہے بلکہ اس لئے کہ ملک کی آزادی میں ہمارے اسلاف کی قربانیاں دوسروں سے کہیں زیادہ ہیں، چنانچہ اس کے اظہار اور باخبری کے لئے کیا جارہا ہے ۔ ویسے بھی یہ ہم سب کے لئے ضروری ہے کہ ہم ملک کی آزادی، جمہوریت اور آئینی حقوق کے تعلق سے بیدار رہیں اوراسےجانیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ ذمہ داران مدارس نے پہلے ہی اس تعلق سے باہمی مشورے میںیہ طے کیا تھا کہ خواہ ۱۵؍اگست ہو۲۶؍جنوری یا کوئی اوراہم موقع،ہم سب کوجشن کے اہتما م کے لئے پیش پیش رہنا چاہئے۔اس لئے اگرہم اپنے اسلاف کی قربانیوں سے واقف نہیںرہیں گےاوردوسروں تک اسے پہنچائیں گے نہیں تویہ خود ہم اپنا بڑانقصان کریں گے۔ اس لئے بھی کہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں پرپردہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے،اس سے بھی ہمیںسبق لینا چاہئے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK